پولارڈ اور براوو کی عدم موجودگی پر برائن لارا برہم
اگر یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ عالمی کپ 2015ء کی قابل ذکر ٹیموں میں اس وقت سب سے برا حال ویسٹ انڈیز کا ہے، اور اس کا ہلکا سا اظہار آئرلینڈ کے خلاف پہلے مقابلے میں ہی ہوگیا جہاں 304 رنز کا مجموعہ بھی اسے پرجوش آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست سے نہ بچا سکا۔ اب اس کا مقابلہ "زخمی شیر" پاکستان سے ہے کہ جو اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں ایک مرتبہ پھر شکست سے دوچار ہوا ہے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ کا حال تو گزشتہ کئی سالوں سے اچھا نہیں ہے لیکن چند روز قبل عالمی کپ میں اس بدترین آغاز کی درجنوں وجوہات میں ایک ہے اہم ترین کھلاڑیوں کیرون پولارڈ اور ڈیوین براوو کی عدم موجودگی اور ماضی کے عظیم بلے باز برائن لارا کہتے ہیں کہ ان کی عدم شمولیت کا فیصلہ گویا ویسٹ انڈیز کرکٹ کا اپنے پیر پر کلہاڑی مارنا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے اخبار ٹرینیڈاڈ گارجین میں برائن لارا نے لکھا ہے کہ "یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ آخر کیوں براوو اور پولارڈ کو باہر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولانڈ کی موجودگی اور ان کی خود اعتمادی نہ صرف عالمی کپ میں کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتی، بلکہ مخالف ٹیم میں بھی خوف پیدا ہوتا۔"
ویسٹ انڈیز کے یہ مایہ ناز کھلاڑی گزشتہ سال دورۂ بھارت ادھورا چھوڑنے کے فیصلے کے اہم کردار تھے۔ کرکٹ بورڈ سے تنخواہوں کے معاملے پر ہونے والے اختلافات کا نتیجہ یہ نکلا کہ بورڈ نے عالمی کپ جیسے اہم ٹورنامنٹ کے لیے براوو اور پولارڈ کو نظرانداز کیا اور اب اس کا خمیازہ بھی بھگت رہا ہے۔
ویسٹ انڈیز ہفتے کو پاکستان کے اپنا اگلا مقابلہ کھیلے گا، جہاں شکست کی صورت میں اس کے آئندہ مرحلے تک پہنچنے میں مشکلات کھڑی ہوسکتی ہیں۔