ملبورن میں ممبئی کا سماں، بھارت کی جنوبی افریقہ پر تاریخی کامیابی

4 1,056

شیکھر دھاون کی سنچری، اجنکیا راہانے کی عمدہ بلے بازی اور روی چندر آشون اور دیگر گیندبازوں کی شاندار باؤلنگ نے بھارت کو عالمی کپ کی تاریخ میں پہلی بار جنوبی افریقہ پر غلبہ عطا کردیا۔ یوں، شائقین کرکٹ کی "بڑے مقابلوں" میں زبردست معرکہ آرائی کی ایک اور خواہش دم توڑ گئی کیونکہ پاک-بھارت مقابلے کی طرح یہ میچ میں انتہائی یکطرفہ ثابت ہوا۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 307 رنز بنائے، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ صرف 177 رنز پر ڈھیر ہوگیا۔

شیکھر دھاون کی 137 رنز کی باری عالمی کپ کی تاریخ میں پہلی بار جنوبی افریقہ کو ہرانے کے لیے کافی ثابت ہوئی (تصویر: Getty Images)
شیکھر دھاون کی 137 رنز کی باری عالمی کپ کی تاریخ میں پہلی بار جنوبی افریقہ کو ہرانے کے لیے کافی ثابت ہوئی (تصویر: Getty Images)

یوں بھارت نے بالآخر عالمی کپ کی تاریخ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کھانے کے سلسلے کا خاتمہ کردیا۔ بھارت 1992ء سے 2011ء تک ہر بار جنوبی افریقہ سے ہارا تھا لیکن بالآخر 2015ء میں اس سلسلے کا خاتمہ ہوگیا اور ساتھ ہی گروپ 'بی' میں سرفہرست مقام حاصل کرلیا۔

ملبورن کے میدان میں کہ جہاں ہزاروں بھارتی شائقین کی موجودگی ممبئی کا گمان ہو رہا تھا، بھارت کھیل کا سلسلہ بالکل وہیں سے جوڑا، جہاں سے پاکستان کے خلاف ٹوٹا تھا، یعنی یہاں بھی ٹاس جیتا اور ایک مرتبہ پھر پہلے بلے بازی سنبھالی۔ روہیت شرما کے ابتدا ہی میں رن آؤٹ ہونے کے باوجود بھارت نے حوصلہ نہیں ہارا۔ شیکھر دھاون اور ویراٹ کوہلی نے معاملات سنبھالے۔ بھارت 19 اوورز میں 79 رنز پر پہنچا تو میچ کا اہم مرحلہ آیا۔ وین پارنیل کی گیند پر دھاون نےکٹ کھیلا، گیند فضا کو چیرتی ہوئی بیک وارڈ پوائنٹ پر کھڑے ہاشم آملہ کے قریب سے گزری، ہاشم نے دائیں جانب جست لگائی، گیند پر دونوں ہاتھوں کو مضبوط کیا لیکن اس کو محفوظ نہ کر سکے، کیچ چھوٹا اور دھاون کو زندگی اور بھارت کو سکھ کا سانس ملا۔

دھاون-کوہلی شراکت داری میں 127 رنز بنے، تب جاکر کہیں کوہلی کی صورت میں جنوبی افریقہ کو اگلی کامیابی نصیب ہوئی۔ وہ 46 رنز بنا کر میدان سے واپس آئے تو قدم رکھا اجنکیا راہانے نے۔ راہانے جو عموماً دھیما مزاج رکھتے ہیں اور اسی کے مطابق بلے بازی کرتے ہیں، آج جانتے تھے کہ جنوبی افریقہ جیسے سخت حریف کو زیر کرنے کے لیے انہیں اس خول سے نکلنا پڑے گا۔ پھر دھاون کے ساتھ مل کر انہوں نے کمال ہی کردیا۔ دونوں نے 125 رنز کی زبردست شراکت داری قائم کرتے ہوئے اسکور کو 261 رنز تک پہنچا دیا۔

آپ تصور کیجیے کہ جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین، مورنے مورکل، ویرنن فلینڈر، وین پارنیل اور عمران طاہر باؤلنگ کررہے ہوں اور حریف کا اسکور 44 ویں اوور میں دو وکٹوں پر 261 رنز ہو۔ دھاون کی کیریئرکی بہترین اننگز 146 گیندوں پر 137 رنز کے ساتھ پارنیل ہی کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی جبکہ راہانے 46 ویں اوور کی آخری گیند پر ڈیل اسٹین کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ انہوں نے صرف 60 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔ ایک مرتبہ پھر آنے والے بیٹسمین باقی 4 اوورز کا اچھی طرح فائدہ تو نہ اٹھا سکے لیکن پھر بھی بھارت 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 307 رنز بنانے میں تو کامیاب ہو ہی گیا۔

جنوبی افریقہ کی باؤلنگ کا حال آج پتلا رہا، اور جو کسر رہ گئی تھی وہ فلینڈر کے زخمی ہونے سے پوری ہوگئی جنہوں نے صرف 4 اوورز پھینکے۔ اسٹین نے 10 اوورز میں 55 رنز دیے، مورکل نے 59 رنز کھائے اور عمران طاہر کو 48 رنز پڑے لیکن سب سے زیادہ مایوس کن کارکردگی وین پارنیل کی تھی جن کے 9 اوورز میں بھارت نے 85 رنز لوٹے۔

308 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی کارکردگی پاکستان سے بھی زیادہ مایوس کن رہی۔ ابتداء ہی میں کوئنٹن ڈی کوک کی اننگز 7 رنز پر تمام ہوئی۔ خدا خدا کرکے 10 اوورز کا مرحلہ پار ہو تو ہاشم آملہ موہیت شرما کی شارٹ گیند کے جھانسے میں آ گئے اور لانگ لیگ پر محمد شامی کو کیچ دے گئے۔ یہاں کپتان ابراہم ڈی ولیئرز آئے اور فف دو پلیسی کے ساتھ مل کر حالات کو قابو میں کیا۔ دونوں نے 68 رنز جوڑ کر اسکور کو تہرے ہندسے میں پہنچایا ہی تھا کہ فیصلہ کن گھڑی آ گئی۔ موہیت شرما کے بہترین تھرو نے ڈی ولیئرز کو دوسرا رن مکمل کرنے سے پہلے ہی جا لیا اور یوں صرف 108 رنز پر پروٹیز اپنے کپتان کو بھی کھو بیٹھے۔

دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی موجودگی کے باوجود دباؤ میں ہمیشہ گھبرا جانے والے جنوبی افریقہ نے آج بھی یہی کیا کہ جیسے ہی ڈی ولیئرز آؤٹ ہوئے، کھلاڑیوں کے ہاتھ پیر پھول گئے۔ دو پلیسی 55 رنز بنانے کے بعد موہیت شرما کی گیند پر آؤٹ ہوئےتو بلے بازوں کی آوت جاوت شروع ہوگئی۔ ژاں-پال دومنی 6، ڈیوڈ ملر 22، ویرنن فلینڈر صفر، ڈیل اسٹین ایک،مورنے مورکل دو اور آخر میں عمران طاہر 8 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور جنوبی افریقہ کی کہانی 41ویں اوور میں صرف 177 رنز پر تمام ہوئی۔

بھارت کی جانب سے بہترین باؤلنگ روی چندر آشون نے کی جنہوں نے دومنی سمیت تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو، دو حریفوں کو محمد شامی اور موہیت شرما نے ٹھکانے لگایا۔ ایک وکٹ رویندر جدیجا کو ملی اور دو رن آؤٹ ہوئے۔

شیکھر دھاون کو ایک اور فیصلہ کن اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس جیت کے ساتھ ہی بھارت کی گروپ 'بی' میں سرفہرست پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔ وہ اپنے دونوں اہم حریفوں پاکستان اور جنوبی افریقہ کو شکست دے چکا اور آئندہ مقابلوں میں اسے ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ، زمبابوے اور متحدہ عرب امارات جیسی کمزور ٹیموں سے مقابلے کرنے ہیں۔اگر کوئی اپ سیٹ نہیں ہوتا بھارت گروپ 'بی' سے نمبر ایک کی حیثیت سے کوارٹر فائنل کھیلے گا۔

جنوبی افریقہ کے لیے اب پریشانی شروع ہو چکی ہے۔ زمبابوے کے خلاف بمشکل جیت کے بعد اب بھارت کے خلاف ایسی کراری شکست اسے نازک موڑ پر پہنچا گئی ہے۔ اسے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی مقابلے ابھی کھیلنے ہیں اس لیے اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ پہلے ہی آئرلینڈ-ویسٹ انڈیز کا مقابلہ گروپ کا توازن بری طرح بگاڑ چکا ہے جہاں اس وقت چار ٹیموں کے دو، دو پوائنٹس ہیں۔

بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ

عالمی کپ 2015ء - تیرہواں مقابلہ

23 فروری 2015ء

بمقام: ملبورن کرکٹ گراؤنڈ، ملبورن، آسٹریلیا

نتیجہ: بھارت 130 رنز سے کامیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: شیکھر دھاون

بھارت رنز گیندیں چوکے چھکے
روہیت شرما رن آؤٹ 0 6 0 0
شیکھر دھاون ک آملہ ب پارنیل 137 146 16 2
ویراٹ کوہلی ک دو پلیسی ب عمران طاہر 46 60 3 0
اجنکیا راہانے ایل بی ڈبلیو اسٹین 79 60 7 3
سریش رینا ک متبادل ب مورکل 6 5 1 0
مہندر سںگھ دھونی ک ڈی کوک ب مورکل 18 11 3 0
روی جدیجا رن آؤٹ 2 4 0 0
روی چندر آشون ناٹ آؤٹ 5 5 0 0
محمد شامی ناٹ آؤٹ 4 5 1 0
فاضل رنز ل ب 2، و 6، ن ب 2 10
مجموعہ 50 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 307

 

جنوبی افریقہ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
ڈیل اسٹین 10 1 55 1
ویرنن فلینڈر 4 1 19 0
ژاں-پال دومنی 7 0 39 0
مورنے مورکل 10 0 59 2
عمران طاہر 10 0 48 1
وین پارنیل 9 0 85 1

 

جنوبی افریقہ رنز گیندیں چوکے چھکے
ہاشم آملہ ک شامی ب موہیت 22 28 2 0
کوئنٹن ڈی کوک ک کوہلی ب شامی 7 15 1 0
فف دو پلیسی ک دھان ب موہیت 55 71 5 0
ابراہم ڈی ولیئرز رن آؤٹ 30 38 3 0
ڈیوڈ ملر رن آؤٹ 22 23 2 0
ژاں-پال دومنی ک رینا ب آشون 6 15 0 0
وین پارنیل ناٹ آؤٹ 17 28 1 0
ویرنن فلینڈر ایل بی ڈبلیو ب آشون 0 4 0 0
ڈیل اسٹین ک دھاون ب شامی 1 7 0 0
مورنے مورکل ب آشون 2 5 0 0
عمران طاہر ایل بی ڈبلیو ب جدیجا 8 10 1 0
فاضل رنز ل ب 1، و 6 7
مجموعہ 40.2 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 177

 

بھارت (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
امیش یادو 6 0 34 0
محمد شامی 8 1 30 2
موہیت شرما 7 0 31 2
رویندر جدیجا 8.2 0 37 1
روی چندر آشون 10 0 41 3
سریش رینا 1 0 3 0