معین علی چھا گئے، انگلستان کی عالمی کپ میں پہلی جیت

0 1,037

باہمی رقابت کی طویل تاریخ بھی انگلستان اور اسکاٹ لینڈ کے مقابلے کو دلچسپ نہ بنا سکی کہ جہاں انگلش آل راؤنڈر معین علی کی کارکردگی کی بدولت انگلستان نے اسکاٹ لینڈ کو باآسانی 119 رنز سے شکست دی۔ میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں دو بھاری شکستوں کے بعد یہ عالمی کپ 2015ء میں انگلستان کی پہلی جیت ہے۔ مقابلے میں انگلستان نے اسکاٹ لینڈ کو 304 رنز کا بھاری ہدف دیا، جو اسکاچ بلے بازوں کے لیے کافی سے زیادہ ثابت ہوا اور وہ 43 ویں اوور ہی میں 184 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔

معین علی نیوزی لینڈ میں ایک روزہ سنچری بنانے والے محض دوسرے انگلش بلے باز بنے (تصویر: Getty Images)
معین علی نیوزی لینڈ میں ایک روزہ سنچری بنانے والے محض دوسرے انگلش بلے باز بنے (تصویر: Getty Images)

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے گروپ 'اے' کے اس مقابلے میں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیتا اور پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ کپتان پریسٹن مومسن کا فیصلہ اسی وقت غلط ثابت ہوگیا جب معین علی اور این بیل نے پہلی ہی وکٹ پر 172 رنز کی شراکت داری قائم کرڈالی۔ یہ رواں عالمی کپ میں پہلی وکٹ کے لیے اب تک کی سب سے بڑی شراکت داری ہے اور اس کی مضبوط بنیاد پر انگلستان نے 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 303 رنز کا بڑا مجموعہ اکٹھا کیا۔

اس اننگز کے اہم کردار معین علی تھے جنہوں نے 128 رنز کی شاندار باری کھیلی جس میں 12 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ وہ 27 سال کے وقفے کے بعد نیوزی لینڈ میں ایک روزہ سنچری بنانے والے پہلے انگلستانی بلے باز ہیں۔ این بیل نے 54 رنز بنائے جبکہ کپتان ایون مورگن 46 رنز بنا کر تیسرے نمایاں بلے باز رہے اور انہوں نے انگلستان کو 300 رنز کی نفسیاتی حد عبور کرنے میں مدد دی۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جوش ڈیوی نے چار وکٹیں حاصل کیں جن میں جو روٹ، جیروم ٹیلر، کرس ووکس اور ایون مورگن جیسے قیمتی شکار شامل تھے البتہ دیگر گیندباز کچھ زیادہ متاثر نہ کرسکے۔ رچی بیرنگٹن نے 5 اوورز میں 43 رنز کھائے۔ این وارڈلاء کو 10 اوورز میں 60 بلکہ خود ڈیوی کو 68 رنز پڑے۔ ایلسڈیئر ایونز نے 46 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

عالمی کپ میں اپنی پہلی جیت کے لیے 304 رنز کا تعاقب اسکاٹ لینڈ کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔ انہیں صرف 17 رنز پر پہلا دھچکا لگا اور 54 رنز تک پہنچتے پہنچتے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ سوائے اوپنر کائل کوئٹزر کے کوئی انگلستان کے تیز گیندبازوں کے سامنے نہ جم سکا۔ کوئٹزر نے 84 گیندوں پر 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن ان کی یہ باری بھی اسکاٹ لینڈ کو 184 رنز سے آگے نہ لے جا سکے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف گزشتہ مقابلے میں صرف دو اوورز میں 49 رنز کھانے والے اسٹیون فن نے 26 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جمی اینڈرسن، کرس ووکس اور معین علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا۔

گیند اور بلے دونوں سے اچھی کارکردگی کے مظاہرے کے لیے معین علی کو مین آف دی میچ کا انعام دی گیا۔

انگلستانی ٹیم آج کا میچ جیت کر عالمی کپ کے اگلے مراحل تک پہنچنے کی اپنی امیدوں کو زندہ رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔ اب انگلستان کا اگلا مقابلہ 28 فروری کو ویلنگٹن میں سری لنکا سے ہو گا، جو اس کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

انگلستان بمقابلہ اسکاٹ لینڈ

عالمی کپ 2015ء - چودہواں مقابلہ

23 فروری 2015ء

بمقام: ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ

نتیجہ: انگلستان 119 رنز سے جیت گیا

میچ کے بہترین کھلاڑی: معین علی

انگلستان رنز گیندیں چوکے چھکے
معین علی ک کولمین ب ماجد 128 107 12 5
این بیل ک کوئٹز ب بیرنگٹن 54 85 2 0
گیری بیلنس ک ایونز 10 18 0 0
جو روٹ ک کراس ب ڈیوی 1 3 0 0
ایون مورگن ک مومسن ب ڈیوی 46 42 4 2
جیمز ٹیلر اسٹمپڈ کراس ب ڈیوی 17 26 0 0
جوس بٹلر ک ڈیوی ب وارڈلا 24 14 4 0
کرس ووکس ک مومسن ب ڈیوی 1 2 0 0
اسٹورٹ براڈ ناٹ آؤٹ 0 3 0 0
اسٹیون فن ناٹ آؤٹ 1 1 0 0
فاضل رنز ب 1، ل ب 4، و 15، ن ب 1 21
مجموعہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 303

 

اسکاٹ لینڈ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
این وارڈلا 10 1 60 1
جوش ڈیوی 10 0 68 4
ایلسڈیئر ایونز 10 1 46 1
ماجد حق 10 0 51 1
رچی بیرنگٹن 5 0 43 1
میٹ ماچن 2 0 11 0
کائل کوئٹزر 3 0 19 0

 

اسکاٹ لینڈہدف: 304 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
کائل کوئٹزر ک ووکس ب معین 71 84 11 0
کیلم میکلوڈ ک بٹلر ب ایڈرسن 4 6 1 0
فریڈی کولمین ک مورگن ب ووکس 7 16 0 0
میٹ ماچن ک بٹلر ب فن 5 7 1 0
پریسٹن موسن ک براڈ ب روٹ 26 42 3 0
رچی بیرنگٹن ک مورگن ب معین 8 13 0 0
میتھیو کراس ک روٹ ب فن 23 32 1 0
جوش ڈیوی ک بٹلر ب فن 9 15 0 0
ماجد حق ک بیلنس ب ووکس 15 24 3 0
ایلسڈیئر ایونز ک بٹلر ب اینڈرسن 9 15 2 0
این وارڈلا ناٹ آؤٹ 0 0 0 0
فاضل رنز ل ب 5، و 2 7
مجموعہ 42.2 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 184

 

انگلستان (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
جیمز اینڈرسن 6 0 30 2
اسٹورٹ براڈ 7 0 24 0
کرس ووکس 5.2 0 25 2
اسٹیون فن 9 3 26 3
معین علی 10 0 47 2
جو روٹ 5 0 27 1