راجر فیڈرر کی پاکستانی شائقین سے معذرت

3 1,003

عالمی کپ 2015ء کے آغاز ہی میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا مقابلہ کھیلا گیا، جس نے برصغیر پاک و ہند سمیت دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی یہاں تک کہ دنیائے کے مشہور ترین ٹینس کھلاڑیوں میں سے ایک راجر فیڈرر بھی کرکٹ بخار میں مبتلا دکھائی دیے لیکن یہ سودا انہیں بہت مہنگا پڑ گیا۔

راجر فیڈرر نے اس تصویر کے ذریعے نہ چاہتے ہوئے بھی اچھا خاصا ہنگامہ پیدا کیا (تصویر: Roger Federer)
راجر فیڈرر نے اس تصویر کے ذریعے نہ چاہتے ہوئے بھی اچھا خاصا ہنگامہ پیدا کیا (تصویر: Roger Federer)

پاک-بھارت مقابلے کے دن ہی راجر فیڈرر کے باضابطہ فیس بک پیج سے ایک تصویر پیش کی گئی جو راجر فیڈرر بھارتی کرکٹ ٹیم کی شرٹ کے ساتھ کھنچوائی تھی اور ساتھ لکھا تھا کہ "میں شرفاء کے کھیل کے لیے تیار ہو رہا ہوں۔#BleedBlue"۔ اس تصویر کو فیڈرر کے پاکستانی شائقین نے بالکل بھی پسند نہیں کیا اور اپنی ناپسندیدگی کا اظہار انہوں نے نہ صرف وہیں پر تبصروں میں بلکہ بلاگز اور تحاریر کے ذریعے بھی کیا۔

انجانے میں ایک تنازع کھڑا ہوجانے کے بعد راجر فیڈرر نے آج اس معاملے پر وضاحت پیش کی ہے۔ وہ اس وقت متحدہ عرب امارات میں ہیں، جہاں وہ دبئی ڈیوٹی فری چیمپئن شپ کھیلیں گے۔ معاملہ پر صفائی پیش کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا ہے کہ "میں چند بھارتی کھلاڑیوں سے ہی ملا ہوں، اور کچھ وقت بھارت میں گزارا ہے جس میں مجھے یہ شرٹ تحفے میں دی گئی۔ سب جانتے ہیں کہ میں جنوبی افریقہ کی حمایت کرتا ہوں، کیونکہ میری والدہ کا تعلق وہیں سے ہے، اور اس تصویر کے ذریعے میں کسی کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتا تھا۔ اگر کسی کوئی برا محسوس ہوا ہو تو میں اس پر معذرت خواہ ہوں۔"

فیڈرر کہتے ہیں کہ "میں بہت کم کرکٹ دیکھتا ہوں۔ امریکہ میں قیام کے دوران تو بالکل نہیں، اگر یورپ میں ہوں تو بھی موقع نہیں ملتا لیکن اگر آسٹریلیا میں ہوتا ہوں تو تھوڑا بہت دیکھ لیتا ہوں۔ بھارت کی یہ کٹ اس وقت ملی جب میں نئی دہلی میں تھا اور میرا ہر گز پاکستانی شائقین کو مایوس کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ یہ تو میں نے اس لیے کیا کیونکہ میں نائیکی (Nike) کا برانڈ سفیر ہوں۔"

مذکورہ مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو عالمی کپ میں ایک مرتبہ پھر شکست دی بلکہ اس کے بعد فیڈرر کی پسندیدہ جنوبی افریقہ کو بھی برے طریقے سے ہرایا ہے۔