جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو روکیں گے، مصباح پرامید
پاکستان کے کپتان مصباح الحق کو امید ہے کہ ان کے گیندباز سنیچر کو عالمی کپ کے اہم مقابلے میں جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو روکنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے حریف کپتان ابراہم ڈی ولیئرز کو اپنا خاص ہدف قرار دیا ہے۔
عالمی کپ کی تاریخ میں ہمیشہ جنوبی افریقہ سے شکست کھانے والا پاکستان کل آکلینڈ میں تاریخ بدلنے کی کوشش کرے گا، وہ بھی اس حال میں کہ جنوبی افریقہ گزشتہ دونوں مقابلوں میں 400 سے زیادہ رنز بنا کر اپنی بلے بازی کی طاقت کا اظہار کرچکا ہے۔ اس میں ڈی ولیئرز کے صرف 66 گیندوں پر بنائے گئے 162 رنز بھی شامل ہیں، جو ایک روزہ کرکٹ تاریخ کی تیز ترین 150 رنز کی اننگز ہے۔ علاوہ ازیں آئرلینڈ کے خلاف گزشتہ مقابلے میں ہاشم آملہ اور فف دو پلیسی کی اور اس سے قبل زمبابوے کے خلاف ڈیوڈ ملر اور ژاں-پال دومنی کی سنچریوں نے پوری بیٹنگ لائن کو فارم میں رکھا ہوا ہے۔
لیکن مصباح سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے گیندباز اس وقت اچھا کھیل رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے علاوہ کسی بھی ٹیم کی وکٹیں حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ "ہم نے 2013ء اور 2014ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف اچھے خاصے میچز کھیلے ہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ ان کے بلے باز کیسے کھیلتے ہیں۔ اس لیے ہمیں اپنے گیندبازوں پر بھروسہ ہے کہ وہ حریف بلے بازوں پر دباؤ ڈالنے میں کامیاب رہیں گے۔
پاکستان عالمی کپ میں اپنے تینوں سرفہرست گیندبازوں سعید اجمل، محمد حفیظ اور جنید خان کے بغیر کھیل رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ دنیا کی بہترین بیٹنگ لائن کو نوآموز باؤلرز کس طرح نکیل ڈالتے ہیں۔