کوئی تو روکو! نیوزی لینڈ مسلسل پانچواں مقابلہ جیت گیا

0 1,191

جب 23 سال پہلے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں عالمی کپ کھیلا گیا تھا، اُس وقت بھی نیوزی لینڈ نے پہلے مرحلے کے ابتدائی تمام مقابلے جیت لیے تھے۔ بس اُس کی بدبختی سمجھیں کہ آخری مقابلے اور اُس کے بعد سیمی فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں شکستیں ہوئی اور یوں 'بلیک کیپس' کا عالمی کپ کا خواب چکناچور ہوگیا، ورنہ اس کے ارادے بہت خطرناک تھے۔ اس باربھی نیوزی لینڈ کے ارادوں میں کوئی کمی نظر نہیں آ رہی کیونکہ اس نے مسلسل پانچواں میچ جیت لیا ہے اور ساتھ ہی اپنے پوائنٹس کی تعداد بڑھا کر 10 کرلی ہے، جو ورلڈ کپ میں ابھی تک کسی ٹیم نے حاصل نہیں کیے۔

نیپئر میں ہونے والے یکطرفہ مقابلے میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دی۔ افغان بلے بازوں کے لیے نیوزی لینڈ کی مضبوط باؤلنگ لائن کا مقابلہ کرنا ناممکنات میں سے ایک تھا۔ لیکن 59 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد سمیع اللہ شنواری اور نجیب اللہ زدران نے حالات کو کافی حد تک سنبھال لیا۔ ساتویں وکٹ پر ان کی 86 رنز کی شراکت داری افغانستان کو 145 رنز تک لے آئی جہاں نجیب اللہ 56 گیندوں پر 56 رنز بنا کے آؤٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 8 چوکے بھی شامل تھے۔ سمیع اللہ نے 110 گیندیں کھیلی اور 54 رنز بنائے اور 46 ویں اوور میں جاکر آؤٹ ہوئے۔ کچھ ہی دیر بعد افغانستان کی پوری ٹیم 186 رنز پر آؤٹ ہو چکی تھی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈینیل ویٹوری نے 10 اوورز میں صرف 18 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس طرح انہوں نے اپنی 300 ون ڈے وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے نیوزی لینڈ کے پہلے باؤلر ہیں۔ ان کے علاوہ تین وکٹیں ٹرینٹ بولٹ اور دو کوری اینڈرسن نے سمیٹیں اور جبکہ ایک ایڈم ملنے کو ملی۔ یہ عالمی کپ میں مسلسل پانچواں موقع تھا کہ نیوزی لینڈ نے ہر مقابلے میں اپنے حریف کے تمام کھلاڑی آؤٹ کیے ہیں۔ بھارت کے علاوہ موجودہ عالمی کپ میں کسی ٹیم نے یہ کارنامہ انجام نہیں دیا۔

بہرحال، اب 187 رنز کا معمولی ہدف تھا اور نیوزی لینڈ کی مضبوط بیٹنگ لائن۔ چھٹے اوور تک 53 رنز بن چکے تھے جب برینڈن میک کولم افغان ہم منصب کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ انہوں نے صرف 19 گیندوں پر 42 رنز بنائے۔ پھر افغانستان کو اس وقت وکٹ ملی جب نیوزی لینڈ نیلسن یعنی 111 رنز پر پہنچا۔ کین ولیم سن 33 رنز بنانے کے بعد شاپور زدران کی واحد وکٹ بنے۔ نیوزی لینڈ کو تیسرا نقصان مارٹن گپٹل کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہوں نے 76 گیندوں پر 57 رنز بنائے اور بعد میں گرنے والی نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ کی طرح رن آؤٹ ہی ہوئے۔ 37 ویں اوور میں میزبان ٹیم نے ہدف حاصل کرلیا۔ ڈینیل ویٹوری کو بہترین باؤلنگ پر مردِ میدان کا اعزاز ملا۔

نیوزی لینڈ اب اپنا آخری مقابلہ 13 مارچ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا جبکہ افغانستان اسی روز انگلستان کے مدمقابل ہوگا۔

نیوزی لینڈ بمقابلہ افغانستان

عالمی کپ 2015ء - اکتیسواں مقابلہ

بتاریخ: 8 مارچ 2015ء

بمقام: میک لین پارک، نیپئر، نیوزی لینڈ

نتیجہ: نیوزی لینڈ 6 وکٹوں سے جیت گیا

میچ کے بہترین کھلاڑی: ڈینیل ویٹوری

 افغانستان رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
جاوید احمدی ایل بی ڈبلیو بولٹ 1 7 0 0 14.29
عثمان غنی بولڈ ویٹوری 0 3 0 0 0.0
نوروز منگل بولڈ ویٹوری 27 46 3 0 58.7
اصغر ستانکزئی کیچ گپٹل بولڈ بولٹ 9 18 2 0 50.0
سمیع اللہ شنواری کیچ ٹیلر بولڈ اینڈرسن 54 110 5 1 49.09
محمد نبی کیچ ٹیلر بولڈ ویٹوری 6 15 0 0 40.0
افسر زازئی ایل بی ڈبلیو ویٹوری 0 1 0 0 0.0
نجیب اللہ زدران کیچ ویٹوری بولڈ ملنے 56 56 8 2 100.0
دولت زدران کیچ رونکی بولڈ بولٹ 1 5 0 0 20.0
حمید حسن کیچ ملنے بولڈ اینڈرسن 16 21 4 0 76.19
شاپور زدران ناٹ آؤٹ 2 4 0 0 50.0
فاضل رنز ل ب 5، و 9 14
کل رنز 47.4 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 186
گیندبازی (نیوزی لینڈ) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
ٹم ساؤتھی 10.0 0 43 0 0 0 4.3
ٹرینٹ بولٹ 10.0 2 34 3 0 2 3.4
ڈینیل ویٹوری 10.0 4 18 4 0 0 1.8
ایڈم ملنے 10.0 0 38 1 0 4 3.8
کوری اینڈرسن 6.4 0 38 2 0 3 5.7
گرانٹ ایلیٹ 1.0 0 10 0 0 0 10.0
 نیوزی لینڈ (ہدف: 187 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے اکانمی ریٹ
مارٹن گپٹل رن آؤٹ (زدران) 57 76 7 0 75.0
برینڈن میک کولم بولڈ نبی 42 19 6 1 221.05
کین ولیم سن کیچ شنواری بولڈ زدران 33 45 4 0 73.33
روس ٹیلر ناٹ آؤٹ 24 41 2 0 58.54
گرانٹ ایلیٹ رن آؤٹ (زدران) 19 28 1 0 67.86
کوری اینڈرسن ناٹ آؤٹ 7 8 1 0 87.5
فاضل رنز ل ب 2، و 4 6
 کل رنز 36.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 188
گیندبازی (افغانستان) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
دولت زدران 9.0 0 51 0 0 3 5.66
شاپور زدران 10.0 2 45 1 0 0 4.5
حمید حسن 7.0 1 36 0 0 0 5.14
محمد نبی 7.1 0 39 1 0 1 5.44
سمیع اللہ شنواری 3.0 0 15 0 0 0 5.0