دھونی کئی نئے ریکارڈز کے قریب

0 1,077

بھارت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی سے زیادہ خوش کون ہوگا؟ عالمی کپ کے آغاز سے عین پہلے سہ فریقی سیریز کے آخری امتحان میں بری طرح ناکامی کے بعد جب دفاعی چیمپئن کو اہمیت نہیں دے رہا تھا تو پاکستان کے خلاف مقابلے سے اٹھے اور اب تک ناقابل شکست ہیں۔ اب داستان آئرلینڈ کے خلاف مقابلے تک جا پہنچی ہے، جہاں دھونی چند سنگ میل اور عبور کرسکتے ہیں۔

عالمی کپ میں دھونی کی زیر قیادت بھارت مسلسل فتوحات حاصل کررہا ہے۔ 2011ء کے عالمی کپ کے آخری چار مقابلوں میں فتوحات کے بعد اب رواں ٹورنامنٹ میں بھارت مسلسل چار میچز جیت چکا ہے اور آئرلینڈ کے خلاف جیت اس سلسلے کے مزید طول دے گی۔ دھونی کی قیادت میں بھارت کو عالمی کپ میں آخری شکست 2011ء میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ہوئی تھی جو ٹورنامنٹ میں بھارت کی واحد شکست تھی۔

دھونی سے قبل عالمی کپ میں بھارت کی مسلسل فتوحات کا ریکارڈ کپتان سارو گانگلی کے پاس تھا جنہوں نے 2003ء کے عالمی کپ میں لگاتار 8 مقابلے جیتے تھے۔ البتہ فائنل میں پہنچ کر اس سلسلے کا خاتمہ ہوا، جو ایسی یاد ہے جو ہر بھارتی اپنے ذہن سے مٹا دینا چاہے گا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف پچھلے مقابلے میں مہندر سنگھ دھونی کی قائدانہ اننگز نے ہی بھارت کو کامیابی تک پہنچایا تھا، جس کے ساتھ ہی وہ بیرون ملک بھارت کے سب سے کامیاب ایک روزہ کپتان بھی بنے۔ گھر سے باہر کھیلے گئے 112 ایک روزہ مقابلوں میں سے 58میں دھونی نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ گانگلی نے 110 مقابلوں میں سے 58 ہی جیتے تھے۔ اس طرح آئرلینڈ کے خلاف ایک ہی جیت دو اہم منازل طے کرائے گی۔

علاوہ ازیں دھونی عالمی کپ کی تاریخ میں بھارت کے سب سے کامیاب کپتان بھی ہیں۔ 13 مقابلوں میں 11 فتوحات دھونی کے دامن میں موجود ہیں۔ سارو گانگلی کو 11 مقابلوں میں 9 ہی جیتنے کو ملے جبکہ اظہر الدین نے 23 میں سے 10 جیتے۔

ایک اور سنگ میل جو آئرلینڈ کے خلاف مقابلے میں دھونی ضرور عبور کریں گے وہ سب سے زیادہ مقابلوں میں بھارت کی قیادت ہے۔ وہ اظہر الدین کا 174 مقابلوں میں کپتانی کا ریکارڈ برابر کر چکے ہیں اور آئرلینڈ کے خلاف اس ریکارڈ کو بھی توڑ ڈالیں گے۔