سنگاکارا نے ریکارڈز کے انبار لگا دیے، سری لنکا کی ایک اور کامیابی
سری لنکا کے آخری گروپ مقابلے میں اس کے علاوہ کوئی دلچسپی نہ تھی کہ کمار سنگاکارا مسلسل سنچریوں کا عالمی ریکارڈ توڑ پائیں گے یا نہیں؟ اور انہوں نے مایوس نہیں کیا۔ مسلسل چوتھی اننگز میں سنچری داغ کر 32 سال سے قائم ریکارڈ کو بالآخر قصہ پارینہ بنا دیا اور ساتھ ہی سری لنکا کو 148 رنز کی شاندار جیت سے بھی نواز دیا۔
ہوبارٹ میں ہونے والے اس مقابلے میں جب پہلے بلے بازی کرتے ہوئے صرف 21 رنز پر سری لنکا کی پہلی وکٹ گری تو یہ میدان میں موجود لنکا کے تماشائیوں کے لیے غم کی نہیں بلکہ خوشی کی بات تھی کیونکہ اس کے نتیجے میں کمار سنگاکارا میدان میں اترے۔ بنگلہ دیش، آسٹریلیا اور انگلستان کے خلاف مقابلوں میں مسلسل سنچریاں داغنے والے اس بلے باز نے آج موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اپنی مسلسل چوتھی اور کیریئر کی 25 ویں سنچری بنا کر تاریخ میں نام محفوظ کرلیا۔ دوسری وکٹ پر انہوں نے تلکارتنے دلشان کے ساتھ 195 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ دلشان 99 گیندوں پر 104 جبکہ سنگاکارا 95 گیندوں پر 124 رنز بنانے کے بعد میدان سے لوٹے۔
سنگاکارا ابھی حال ہی میں 400 ایک روزہ مقابلوں اور 14 ہزار رنز کے تاریخی سنگ ہائے میل عبور کر چکے ہیں اور اس مقابلے کے دوران انہوں نے سال 2015ء میں ابھی سے ایک ہزار رنز کا ہندسہ بھی عبور کرلیا اور بعد میں عالمی کپ کی تاریخ میں وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ شکار کرنے والے کھلاڑی بھی بنے۔ بہرحال، اُن کے ساتھ مہیلا جے وردھنے ایک مرتبہ پھر ناکام ٹھیرے جو صرف 2 رنز بنا سکے۔ ویسے نچلے بلے بازوں نے کوئی خاص کارکردگی نہ دکھائی اگر اینجلو میتھیوز کی 21 گیندوں پر 51 اور تھیسارا پیریرا کی 13 گیندوں پر 24 رنز کی کارکردگی نہ ہوتی تو سری لنکا اس مجموعے تک نہ پہنچتا۔ ویسے بھی اسے 400 رنز تک پہنچنا چاہیے تھے لیکن وکٹیں گرنے کی وجہ سے 363 رنز تک محدود ہوگیا۔
اسکاٹ لینڈ کے جوش ڈیوی نے 8 اوورز میں 63 رنز ضرور دیے لیکن 3 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ اس طرح وہ فی الوقت عالمی کپ میں سب سے زیادہ، یعنی 14، وکٹیں لینے والے گیندباز بن گئے ہیں۔ ایلسڈیئر ایونز اور رچی بیرنگٹن کو دو، دو شکار ملے۔
364 رنز کا ہدف اسکاٹ لینڈ کے لیے کافی سے زیادہ تھا۔ پہلے ہی اوور میں اپنے اہم ترین بلے باز کائل کوئٹزر کے آؤٹ ہونے کے بعد صرف 44 رنز پر اس کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔ لیکن اس کے بعد کپتان پریسٹن مومسن اور فریڈی کولمین کی مزاحمت نے 32 اوورز تک سری لنکا کو کوئی وکٹ نہ لینے دی۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ پر 118 رنز جوڑے۔ جس میں مومسن کا حصہ 75 گیندوں پر 60 رنز کا تھا۔ ان کے بعد رچی بیرنگٹن نے کولمین کا ساتھ دیا، جہاں کولمین کی اننگز 74 گیندوں پر 70 رنز کے ساتھ مکمل ہوئی۔ بس یہ وکٹ گرنا تھی کہ بند ٹوٹ گیا۔ 215 رنز تک پہنچتے پہنچتے پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی۔ یعنی اسکاٹ لینڈ کی آخری 6 وکٹیں صرف 26 رنز کے اضافے سے گریں۔
نووان کولاسیکرا اور دشمنتھا چمیرا نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو وکٹیں لاستھ مالنگا اور ایک، ایک تھیسارا پیریرا اور تلکارتنے دلشان کو ملی۔
کمار سنگاکارا کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا لیکن اس وقت ان کی نظریں آگے کی جانب ہیں، یعنی کوارٹر فائنل پر ۔ اگر جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا اپنے آخری گروپ مقابلے جیتتے ہیں تو ممکنہ طور پر کوارٹر فائنل میں سری لنکا کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے سنگاکارا سمیت تمام ہی سری لنکا کے کھلاڑیوں کو متحد ہو کر کارکردگی دکھانا ہوگی، اسی صورت میں سری لنکا عالمی کپ کے فائنل میں شکستوں کے سلسلے کو توڑنے کے قابل ہوسکتا ہے۔
اسکاٹ لینڈ بمقابلہ سری لنکا
عالمی کپ 2015ء - پینتیسواں مقابلہ
بتاریخ: 11 مارچ 2015ء
بمقام: بیلیریو اوول، ہوبارٹ، آسٹریلیا
نتیجہ: سری لنکا 148 رنز سے جیت گیا
میچ کے بہترین کھلاڑی: کمار سنگاکارا
سری لنکا | رنز | گیندیں | چوکے | چھکے | اسٹرائیک ریٹ | ||
---|---|---|---|---|---|---|---|
لاہیرو تھریمانے | کیچ مومسن بولڈ ایونز | 4 | 21 | 0 | 0 | 19.05 | |
تلکارتنے دلشان | کیچ میکلوڈ بولڈ ڈیوی | 104 | 99 | 10 | 1 | 105.05 | |
کمار سنگاکارا | کیچ کراس بولڈ ڈیوی | 124 | 95 | 13 | 4 | 130.53 | |
مہیلا جے وردھنے | کیچ میکلوڈ بولڈ ڈیوی | 2 | 6 | 0 | 0 | 33.33 | |
اینجلو میتھیوز | کیچ کولمین بولڈ ماچن | 51 | 21 | 1 | 6 | 242.86 | |
کوشال پیریرا | کیچ میکلوڈ بولڈ ٹیلر | 24 | 13 | 2 | 2 | 184.62 | |
تھیسارا پیریرا | کیچ کولمین بولڈ بیرنگٹن | 7 | 11 | 0 | 0 | 63.64 | |
سیکوگے پرسنا | کیچ کولمین بولڈ ایونز | 3 | 5 | 0 | 0 | 60.0 | |
نووان کولاسیکرا | ناٹ آؤٹ | 18 | 17 | 1 | 1 | 105.88 | |
لاستھ مالنگا | کیچ لیسک بولڈ بیرنگٹن | 1 | 3 | 0 | 0 | 33.33 | |
دشمنتھا چمیرا | ناٹ آؤٹ | 12 | 9 | 1 | 0 | 133.33 | |
فاضل رنز | ل ب 3، و 10 | 13 | |||||
کل رنز | 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر | 363 |
گیندبازی (اسکاٹ لینڈ) | اوورز | میڈنز | رنز | وکٹیں | نو-بالز | وائیڈز | اکانمی ریٹ | |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
روب ٹیلر | 10.0 | 0 | 46 | 1 | 0 | 0 | 4.6 | |
ایلسڈیئر ایونز | 10.0 | 0 | 72 | 2 | 0 | 3 | 7.2 | |
جوش ڈیوی | 8.0 | 0 | 63 | 3 | 0 | 5 | 7.87 | |
رچی بیرنگٹن | 6.1 | 0 | 31 | 2 | 0 | 0 | 5.03 | |
مائیکل لیسک | 7.0 | 0 | 63 | 0 | 0 | 0 | 9.0 | |
کائل کوئٹزر | 4.5 | 0 | 39 | 0 | 0 | 0 | 8.07 | |
میٹ ماچن | 4.0 | 0 | 46 | 1 | 0 | 1 | 11.5 |
اسکاٹ لینڈ (ہدف: 364 رنز) | رنز | گیندیں | چوکے | چھکے | اسٹرائیک ریٹ | ||
---|---|---|---|---|---|---|---|
کائل کوئٹزر | کیچ و بولڈ مالنگا | 0 | 2 | 0 | 0 | 0.0 | |
کیلم میکلوڈ | بولڈ کولاسیکرا | 11 | 21 | 0 | 0 | 52.38 | |
میٹ ماچن | ایل بی ڈبلیو دلشان | 19 | 31 | 1 | 0 | 61.29 | |
پریسٹن مومسن | کیچ تھریمانے بولڈ پیریرا | 60 | 75 | 7 | 0 | 80.0 | |
فریڈی کولمین | کیچ پیریرا بولڈ کولاسیکرا | 70 | 74 | 7 | 0 | 94.59 | |
رچی بیرنگٹن | کیچ کولاسیکرا بولڈ چمیرا | 29 | 22 | 2 | 2 | 131.82 | |
مائیکل لیسک | کیچ سنگاکارا بولڈ کولاسیکرا | 2 | 7 | 0 | 0 | 28.57 | |
میتھیو کراس | کیچ سنگاکارا بولڈ چمیرا | 7 | 10 | 0 | 0 | 70.0 | |
روب ٹیلر | کیچ پیریرا بولڈ مالنگا | 3 | 6 | 0 | 0 | 50.0 | |
جوش ڈیوی | کیچ تھریمانے بولڈ چمیرا | 4 | 7 | 0 | 0 | 57.14 | |
ایلسڈیئر ایونز | ناٹ آؤٹ | 1 | 5 | 0 | 0 | 20.0 | |
فاضل رنز | ل ب 2، و 6، ن ب 1 | 9 | |||||
کل رنز | 43.1 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر | 215 |
گیندبازی (سری لنکا) | اوورز | میڈنز | رنز | وکٹیں | نو-بالز | وائیڈز | اکانمی ریٹ | |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
لاستھ مالنگا | 9.0 | 0 | 29 | 2 | 0 | 2 | 3.22 | |
نووان کولاسیکرا | 7.0 | 0 | 20 | 3 | 0 | 1 | 2.85 | |
تھیسارا پیریرا | 7.0 | 0 | 41 | 1 | 0 | 2 | 5.85 | |
تلکارتنے دلشان | 5.0 | 0 | 15 | 1 | 0 | 0 | 3.0 | |
سیکوگے پرسنا | 8.0 | 0 | 57 | 0 | 0 | 0 | 7.12 | |
دشمنتھا چمیرا | 7.1 | 0 | 51 | 3 | 1 | 1 | 7.12 |