برینڈن ٹیلر آخری بار زمبابوے کے رنگوں میں نظر آئیں گے

0 1,054

دفاعی چیمپئن بھارت عالمی کپ کے اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرچکا ہے اور زمبابوے اس دوڑ سے باہر ہے لہٰذا دونوں ٹیموں کے لیے ہونے والا مقابلہ محض رسمی کارروائی ہی ہے لیکن ایک کھلاڑی میدان میں ایسا بھی ہوگا، جس کے اس میچ سے جذبات وابستہ ہوں گے۔ ہم بات کررہے ہیں زمبابوے کے قائم مقام کپتان برینڈن ٹیلر کی کہ جنہوں نے اچانک بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔

یوں تو 29 سال کی عمر کسی بھی اچھے کرکٹر کے کیریئر کا نقطہ عروج ہونا چاہیے، اور ٹیلر کے معاملے میں بالکل ایسا ہی ہے۔ وہ اسی عالمی کپ کے دوران 40، 47، 37، 50 اور 121 رنز کی شاندار اننگز کھیل چکے ہیں اور لیکن اب ٹیلر نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارت کے خلاف سنیچر کو ہونے والا مقابلہ ان کا آخری بین الاقوامی میچ ہوگا، اس کے بعد وہ زمبابوے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ ٹیلر کا کہنا ہے کہ "خاندان کو میری ضرورت ہے، اور اگر ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ کھیلتے رہے تو ان کی ضروریات پوری نہیں کرسکیں گے، اس لیے بین الاقوامی کرکٹ چھوڑنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔"

166 ایک روزہ مقابلوں میں 5120 رنز بنانے والے ٹیلر اب انگلستان منتقل ہوجائیں گے جہاں انہوں نے ناٹنگھم شائر سے تین سال تک کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا معاہدہ کیا ہے، جو ان کے خیال میں ان کے خاندان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہوگا۔ ٹیلر نے کہا کہ "یہ فیصلہ کرنا میرے لیے آسان نہیں تھا، لیکن جب کل میدان میں اتروں گا تو ایک کھلاڑی کے طور پر اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔"