افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان 'اے' کے دستے کا اعلان

0 1,036

پاکستان نے افغانستان کے خلاف تین ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کے لیے 'اے' ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹر سہیل تنویر سیریز میں پاکستان 'اے' کی قیادت کریں گے۔

رواں ماہ کے اوائل میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے ایک وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کی قیادت افغان بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نسیم اللہ دانش نے کی۔ وفد میں پاکستان کی جانب سے افغانستان کے لیے مقرر کردہ کوآرڈی نیٹر امیر نواب بھی موجود تھے۔ اس ملاقات میں پاکستان نے ایک روزہ مقابلوں کی سیریز طے کرنے کے علاوہ افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی تاکہ افغان کھلاڑی بہتر سے بہتر تربیت حاصل کرسکیں۔

25 مئی سے شروع ہونے والی سیریز پاکستان میں طویل عرصے کے بعد منعقد ہونے والا پہلا بین الاقوامی مقابلہ ہوگی۔ آخری مرتبہ مارچ 2009ء میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز دہشت گردوں کے حملے کے باعث درمیان میں ہی ختم کر دی گئی تھی۔

پاکستان کے دورے پر آنے والی افغان ٹیم 24 مئی کو پاکستان پہنچے گی جہاں اگلے روز یعنی 25 مئی کو اس کا پہلا مقابلہ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں ہوگا جو مصنوعی روشنیوں میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دیگر مقابلے راولپنڈی اور ایبٹ آباد میں کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایشین گیمز 2010ء میں ایک مقابلہ ہو چکاہے جس میں افغانستان نے اپ سیٹ کرتے ہوئے پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ پائی تھی۔

اعلان کردہ پاکستان 'اے' کا دستہ مندرجہ ذیل کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

سہیل تنویر (کپتان)، بابر اعظم، ذوالفقار بابر، رمیز راجا جونیئر، سرفراز احمد، سہیل خان، شان مسعود، شرجیل خان، صدف حسین، عثمان صلاح الدین، عمر امین، محمد طلحہ، منصور امجد، نوید یاسین اور یاسر شاہ۔