ایڈیلیڈ اوول پاکستان کے لیے ’بھوت بنگلہ‘

عالمی کپ 2015ء میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے مقابلے میں ایک یادگار فتح حاصل کی، لیکن اس کے باوجود اسے بقاء کی جنگ درپیش ہے۔ کل یعنی اتوار کی صبح اسے آئرلینڈ کے خلاف اپنا آخری گروپ مقابلہ کھیلنا ہے، وہی حریف کہ جس کے خلاف 8 سال قبل پاکستان کو عالمی کپ ہی میں شکست ہوئی تھی، ایسی شکست جو نہ صرف ٹیم کو عالمی اعزاز کی دوڑ سے باہر کرگئی بلکہ اس وقت کے کوچ باب وولمر تک کی جان لے گئی۔ اب ایک مرتبہ پھر عالمی کپ ہے، پاکستان ہے، آئرلینڈ ہے اور مقابلہ ایسے میدان پر ہے جو پاکستان کے لیے کسی 'بھوت بنگلے' سے کم نہیں ہے۔
آسٹریلیا کے جنوبی ساحلوں پر قائم ایڈیلیڈ کے شہر کے اس خوبصورت میدان پر ہی پاکستان نے عالمی کپ 2015ء میں اپنا پہلا مقابلہ کھیلا تھا، جہاں اسے روایتی حریف بھارت کے مقابلے میں بری طرح شکست ہوئی۔ لیکن یہ ہار ایک طویل سلسلے کی محض ایک کڑی تھی۔ پاکستان مجموعی طور پر ایڈیلیڈ اوول میں کل 16 ایک روزہ مقابلے کھیل چکا ہے اور ان میں سے صرف تین میں ہی اسے فتح نصیب ہوئی ہے اور 12 میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
پاکستان نے ایڈیلیڈ میں اپنا پہلا ایک روزہ مقابلہ دسمبر 1981ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا، جو انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف 8 رنز سے پاکستان کی کامیابی پر منتج ہوا۔ پاکستان نے صرف 141 رنز کا بخوبی دفاع کیا اور صرف 47 رنز پر ویسٹ انڈیز کی آخری 7 وکٹیں گرا کر ایک شاندار کامیابی حاصل کی۔ لیکن اس کے بعد "چراغوں میں روشنی نہ رہی"، یہاں کھیلے گئے اگلے مسلسل پانچ میچز میں پاکستان کو مغلوب ہونا پڑا۔ کہیں فروری 1990ء میں جاکر یہ سلسلہ ٹوٹا جب پاکستان نے سری لنکا کو 27 رنز سے شکست دی۔
حتیٰ کہ 1992ء کے عالمی کپ میں بھی، کہ جسے پاکستان کی کرکٹ تاریخ کی معراج سمجھا جاتا ہے، قومی کرکٹ ٹیم نے ایڈیلیڈ میں بدترین کارکردگی دکھائی تھی۔ انگلستان کے خلاف ایک اہم گروپ میچ میں پوری ٹیم صرف 74 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ اگر بارش رحمت بن کر نہ آتی تو پاکستان ایک اور شکست کھاتا اور شاید عالمی کپ سے ہی باہر ہوجاتا۔ بہرحال، اُس کے بعد سے اب تک پاکستان ایڈیلیڈ میں مزید 9 مقابلے کھیل چکا ہے اور صرف ایک بار، دسمبر 1996ء میں، اسے کامیابی ملی ہے، باقی حریف چاہے کوئی بھی ہو، ایڈیلیڈ پاکستان کی شکست کا ضامن رہا ہے۔
اس لیے پاکستان کو آئرلینڈ کے خلاف تاریخ کی دو دھاری تلوار کا سامنا ہے، 2007ء کے عالمی کپ کا داغ بھی دھونا ہے اور ایڈیلیڈ کی بدشگونی کا بھی خاتمہ کرنا ہے۔ اگر پاکستان اس میں کامیاب ہوا تب بھی، "ایک اور دریا کا سامنا" ہوگا، کیونکہ آئرلینڈ کے خلاف جیت کی صورت میں پاکستان کا کوارٹر فائنل آسٹریلیا سے ہوگا، کسی اور میدان پر نہیں بلکہ اسی "منحوس" ایڈیلیڈ اوول پر۔
ایڈیلیڈ اوول میں پاکستان کے ایک روزہ مقابلے
نتیجہ | رنز | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | |
---|---|---|---|---|---|
![]() |
فتح | 140 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 5 دسمبر 1981ء |
![]() |
شکست | 170 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 6 دسمبر 1981ء |
![]() |
شکست | 177 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 28 جنوری 1984ء |
![]() |
شکست | 140 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 30 جنوری 1984ء |
![]() |
شکست | 180 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 10 دسمبر 1988ء |
![]() |
شکست | 177 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 11 دسمبر 1988ء |
![]() |
فتح | 315 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 17 فروری 1990ء |
![]() |
بے نتیجہ | 74 | ![]() |
ایڈیلیڈ | یکم مارچ 1992ء |
![]() |
شکست | 173 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 12 دسمبر 1992ء |
![]() |
شکست | 195 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 13 دسمبر 1992ء |
![]() |
فتح | 223 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 15 دسمبر 1996ء |
![]() |
شکست | 176 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 17 دسمبر 1996ء |
![]() |
شکست | 219 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 25 جنوری 2000ء |
![]() |
شکست | 281 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 28 جنوری 2005ء |
![]() |
شکست | 246 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 26 جنوری 2010ء |
![]() |
شکست | 224 | ![]() |
ایڈیلیڈ | 15 فروری 2015ء |