پاکستان کو زبردست دھچکا، عرفان ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے

4 1,014

عالمی کپ میں پاکستان کے مزید آگے بڑھنے کے جتنے بھی امکانات تھے، اب وہ گھٹ کے نصف بھی نہیں رہ گئے کیونکہ اس کے اہم ترین گیندباز محمد عرفان زخمی ہو کر ٹورنامنٹ سے ہی باہر ہوگئے ہیں۔

محمد عرفان گزشتہ کئی دنوں سے کولہے کی ہڈی میں تکلیف کے شکار تھے، یہاں تک کہ جنوبی افریقہ کے خلاف اہم مقابلے میں اسی تکلیف کے ساتھ ایک یادگار کارکردگی پیش کی لیکن آئرلینڈ کے خلاف آخری میچ میں شرکت نہیں کرپائے۔ یہاں تک کہ جانچ کے نتائج ان کے حق میں نہیں نکلے اور اب وہ عالمی کپ میں دوبارہ کھیلتے نظر نہیں آئیں گے۔

پاکستان ٹیم انتظامیہ نے فوری طور پر محمد عرفان کا متبادل طلب نہیں کیا اور کہا ہے کہ کوارٹر فائنل میں کامیابی نصیب ہوئی تو ہی کسی کھلاڑی کو ان کی جگہ بلایا جائے گا۔ پاکستان نے جمعے کو ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل کھیلنا ہے اور عرفان کے بغیر آسٹریلیا کو چت کرنا اب باقی گیندبازوں کے لیے بہت بڑا چیلنج ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایم آر آئی اسکین کی تفصیلات کے مطابق عرفان کی کولہے کی ہڈی میں اسٹریس فریکچر ہے اور اب وہ مزید نہیں کھیل پائیں گے۔

عالمی کپ 2015ء میں پاکستان ویسے ہی اپنے تمام سرفہرست گیندبازوں کی خدمات سے محروم تھا۔ نمبر ایک باؤلر سعید اجمل اور ان کے دوسرے بہترین گیندباز محمد حفیظ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی پابندیوں کی وجہ سے اہم ٹورنامنٹ نہیں کھیل سکے جبکہ جنید خان عالمی کپ سے محض چند روز پہلے زخمی ہونے کی وجہ سے باہر ہوئے۔ اس صورت میں تمام تر ذمہ داری 32 سالہ محمد عرفان پر تھی، جو اب خود بھی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں۔

عرفان نے عالمی کپ میں پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ زمبابوے کے خلاف اہم مقابلے میں انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور اس کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف یادگار فتح میں بھی 3 وکٹوں سے اپنا بہترین حصہ ڈالا۔ انہوں نے پانچ مقابلوں میں کل 8 وکٹیں حاصل کیں۔

اگر پاکستان جمعے کو آسٹریلیا کو زیر کرنے میں کامیاب ہوگیا تو پاکستان کی نظریں عرفان کی جگہ جنید خان کو طلب کرنے پر ہوں گی، جو اب مکمل طور پر فٹ ہو چکے ہیں۔ لیکن فی الحال سب کو انتظار ہے اگلے مقابلے کے نتیجے کا، کہ جہاں محمد عرفان کے بغیر باؤلنگ اٹیک پر سخت دباؤ ہوگا۔