ویسٹ انڈیز کی نظریں ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے فتح پر مرکوز

0 1,040

ویسٹ انڈیز کے کوچ اوٹس گبسن نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار کامیابی کے بعد اب ان کی نظریں دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کر کے سیریز جیتنے پر مرکوز ہیں۔

ویسٹ انڈین کوچ اوٹس گبسن دوسرے ٹیسٹ میں فتح کے لیے بھی پرامید

پاکستان اور ویسٹ انڈیز جمعہ 20 مئی سے وارنر پارک، سینٹ کٹس میں دوسرے ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ویسٹ انڈیز پہلے ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ ناقابل شکست برتری حاصل کیے ہوئے ہے اور سیریز جیتنے کے لیے دوسرے ٹیسٹ کو ڈرا کر دینا ہی اُس کے لیے کافی ہوگا۔

ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ اوٹس گبسن نے کہا ہے کہ گیانا میں ویسٹ انڈیز کی فتح ٹیم کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے اور اب اُن کے لیے اسی کارکردگی کو ایک مرتبہ پھر دہرانا اور دوسرا میچ بھی جیتنا مزید اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں لوئر آرڈر کی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ لوئر آرڈر کی بلے بازی نے مـیچ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ ہم نے پریکٹس کے دوران ہی سب کھلاڑیوں پر واضح کر دیا تھا کہ 'ہر کھلاڑی بلے باز ہے' اس لیے ہر کھلاڑی کو اپنی بلے بازی پر توجہ دینی ہے۔ اسی توجہ نے میچ میں تمام کھلاڑیوں کو بہتر کارکردگی پر اکسایا۔

گبسن نے ویسٹ انڈین باؤلرز کی کارکردگی کو سراہا جنہوں نے دونوں اننگز میں پاکستانی بلے بازوں کو 200 کے ہندسے تک بھی نہیں پہنچنے دیا۔ اس میں کپتان ڈیرن سیمی کی 7 قیمتی وکٹیں بھی شامل ہیں جن پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کوچ نے کپتان کے بارے میں کہا کہ سیمی پر اس میچ سے قبل بہت زیادہ دباؤ تھا کہ وہ کارکردگی پیش کرے۔ لوگ اس کی کارکردگی اور قیادت پر انگلیاں اٹھا رہے تھے، حقیقت یہ ہے کہ وہ سخت محنت کرنے والا لڑکا ہے اور اس نے اس میچ کے ذریعے اپنی اہمیت ثابت کی ہے۔ دوسری جانب روی رامپال نے بھی ٹیم میں اپنی اہمیت کو ثابت کر دیا ہے۔ گبسن نے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے دیوندر بشو کو بھی سراہا جنہوں نے پہلی اننگ میں پاکستان کے 4 بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا تھا۔

دونوں ٹیمیں آج (منگل کو) سینٹ کٹس پہنچی ہیں جہاں وہ بدھ اور جمعرات کو تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گی اور جمعے سے ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہوں گی۔