[ریکارڈز] مارٹن گپٹل ڈبل سنچری بنانے والے پانچویں بلے باز

ڈبل سنچری بننا تو اب گویا معمول بن چکا ہے۔ اسی عالمی کپ کو لے لیں کہ جہاں چند ہفتے پہلے ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 215 رنز بنائے تھے لیکن ان کا بنایا گیا ریکارڈ ایک مہینہ بھی برقرار نہ رہ سکا اور انہی کے خلاف ٹوٹ گیا۔ عالمی کپ کے چوتھے و آخری کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نے 237 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر اپنا نام ایک روزہ ڈبل سنچری بنانے والے چند بلے بازوں میں لکھوا لیا ہے۔
مارٹن گپٹل سے قبل بھارت کے روہیت شرما دو بار جبکہ سچن تنڈولکر، وریندر سہواگ اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ایک، ایک مرتبہ ڈبل سنچری بنا چکے ہیں جن میں سب سے پہلی بار سچن تنڈولکر نے پانچ سال پہلے ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔
تازہ ترین ڈبل سنچری عالمی کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی اور ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں دوسری طویل ترین اننگز تھی جس میں گپٹل نے 163 گیندوں کا سامنا کیا اور 11 چھکوں اور 24 چوکوں کی مدد سے 237 رنز بنائے۔ ان سے قبل اسی عالمی کپ میں کرس گیل نے 215 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی اننگز کھیلی تھی۔
ایک روزہ کرکٹ تاریخ میں یہ نیوزی لینڈ کے کسی بھی بلے باز کی سب سے بڑی انفرادی اننگز بھی ہے۔ گپٹل سے قبل کسی بھی کیوی بلے باز کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 189 رنز تھا جو خود گپٹل ہی نے بنایا تھا۔
گپٹل کی اننگز کا ابتدائی نصف حصہ روایتی انداز میں جاری تھا۔ انہوں نے اپنی ابتدائی 120 گیندوں پر صرف 117 رنز ہی بنائے تھے لیکن اس کے بعد وہ 43 گیندوں پر 120 رنز لوٹنے میں کامیاب ہوئے جس میں آخری اوور میں اسٹیڈیم کی چھت پر پھینکا گیا چھکا بھی شامل تھا۔ یہ ٹورنامنٹ میں اب تک کا طویل ترین چھکا تھا جو 110 میٹر کی دوری پر جاگرا۔ اسی دھواں دار بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ آخری 10 اوورز میں 153 رنز بنا کر 393 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا اور باآسانی 143 رنز سے جیت کر چھٹی بار عالمی کپ کے سیمی فائنل تک پہنچ گیا۔
"ایک اور" ڈبل سنچری تو بن گئی، بہت سے لوگوں کو خوشی بھی ہوئی ہوگی لیکن کیا اب ڈبل سنچری سنچری کا جدید متبادل بن گئی ہے؟ جس تواتر کے ساتھ اب یہ اننگز کھیلی جارہی ہیں، اس سے تو ایسا ہی محسوس ہو رہا ہے۔ لیکن "قدر کھو دیتا ہے یوں روز کا آنا جانا"۔ دیکھتے ہیں نیوزی لینڈ اس اننگز سے کس طرح تقویت پاتا ہے اور سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پہلی بار عالمی کپ فائنل تک پہنچتا ہے۔
ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچریاں بنانے والے بلے باز
بلے باز | ملک | رنز | گیندیں | چوکے | چھکے | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
روہیت شرما | ![]() |
264 | 173 | 33 | 9 | ![]() |
کولکتہ | 13 نومبر 2014ء |
مارٹن گپٹل | ![]() |
237* | 163 | 24 | 11 | ![]() |
ویلنگٹن | 21 مارچ 2015ء |
وریندر سہواگ | ![]() |
219 | 149 | 25 | 7 | ![]() |
اندور | 8 دسمبر 2011ء |
کرس گیل | ![]() |
215 | 147 | 10 | 16 | ![]() |
کینبرا | 24 فروری 2015ء |
روہیت شرما | ![]() |
209 | 158 | 12 | 16 | ![]() |
بنگلور | 2 نومبر 2013ء |
سچن تنڈولکر | ![]() |
200* | 147 | 25 | 3 | ![]() |
گوالیار | 24 فروری 2010ء |