بلی تھیلے سے باہر آ گئی، بنگلہ دیش پاکستان کو زرتلافی ادا کرنے پر رضامند

0 1,043

بالآخر بلی تھیلے سے باہر آ گئی۔ کہاں عالمی کپ سے چند روز قبل پاکستان اور بنگلہ دیش ایک دوسرے کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے ہوئے تھے اور کہاں اب یہ عالم ہے کہ دونوں شیر و شکر ہیں اور ایک مکمل باہمی سیریز کھیلنے کے لیے پر تول رہے ہیں۔ لیکن یہ ہوا کیسے؟ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نظم الحسن کے مطابق بنگلہ دیش 2012ء میں دو مرتبہ دورۂ پاکستان سے انکار کرنے پر زر تلافی ادا کرنے پر راضی ہے۔

یہ حیران کن اعلان انہوں نے ڈھاکہ میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ بنگلہ دیش ماضی میں دو مرتبہ پاکستان کے دورے کے لیے تیار ہوا اور ہر مرتبہ منسوخ کیا، اور اب پاکستان کو زر تلافی کی ادائیگی کے ذریعے اس معاملے کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا چاہتا ہے۔ یہ رقم ایک سے تین لاکھ ڈالرز تک ہوسکتی ہے۔

پاکستان نے رواں ماہ طے شدہ دورۂ بنگلہ دیش کے لیے مطالبہ کیا تھا کہ بنگلہ دیش اس سیریز سے ہونے والی نصف آمدنی دے اور ساتھ ہی یقین دہانی بھی کرائے کہ وہ انڈر-19 اور 'اے' ٹیم کو پاکستان کے دورے پر بھیجے گا، جس پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے صاف انکار کردیا تھا کہ یہ ان کی گھریلو سیریز ہے اور وہ اس کی آمدنی میں کوئی حصہ نہیں دیں گے۔ ابتداء میں پاکستان کی شرائط کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دینے کے بعد اب بنگلہ دیش کچھ زر تلافی ادا کرنے پر راضی ہوگیا ہے اور شاید اسی وجہ سے پاکستان نے بھی بنگلہ دیش کے دورے کو ہری جھنڈی دکھائی۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام آئندہ چند روز میں زر تلافی کی رقم کا تعین کریں گے اور اس کے ساتھ ہی یہ معاملہ اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائے گا۔