پاک-بنگلہ سیریز، ابتدائی دو مقابلوں کے لیے بنگلہ دیشی دستے کا اعلان ہوگیا

0 1,012

اچانک طے ہونے والی پاک-بنگلہ سیریز کے لیے تیاریاں اب عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ایک جانب جہاں پاکستان نے کئی دلچسپ فیصلے کرکے اپنے دستوں کا اعلان کردیا ہے تو بنگلہ دیش نے بھی ایک روزہ سیریز کے ابتدائی مقابلوں کے لیے اپنے کھلاڑی تیار کرلیے ہیں۔

عالمی کپ میں کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرکے حوصلوں کو بلند کرنے والے بنگلہ دیش کی قیادت مشرفی مرتضیٰ کے پاس ہے جنہیں پاکستان کے خلاف آزمانے کے لیے ڈومیسٹک سیزن میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے بلے باز رونی تعلقدار کے ساتھ ساتھ تیز باؤلر ابو الحسن بھی دیے گئے ہیں۔

24 سالہ رونی تعلقدار ایک نوجوان بلے باز ہیں جنہوں نے ڈھاکہ پریمیئر ڈویژن کرکٹ لیگ میں اس سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ وہ اب تک 16 اننگز میں 51 کے اوسط کے ساتھ 714 رنز بنا چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ نظر انتخاب ان پر پڑی ہے۔ دوسری جانب ابو الحسن ہیں جو پانچ ایک روزہ مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں اور عالمی کپ سے پہلے زمبابوے کے خلاف سیریز میں بھی شریک تھے۔

ان دونوں کی آمد کے ساتھ ہی تین کھلاڑیوں کا اخراج کیا گیا ہے۔ ایک ناکام اوپننگ بلے باز امر القیس ہیں جنہوں نے عالمی کپ میں تین مقابلے کھیلے اور صرف 9 رنز بنائے۔ پھر ایک مقابلے میں کوئی وکٹ احصل نہ کرنے والے تیج الاسلام اور تیز گیندباز شفیع الاسلام، جو زخمی ہونے کی وجہ سے عالمی کپ میں کوئی مقابلہ نہیں کھیل پائے تھے۔

باقی ٹیم زیادہ تر انہی کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جنہوں نے عالمی کپ میں بہت عمدہ کارکردگی دکھائی ہے اور اب پاکستان کے خلاف اپنے ہی میدانوں پر ایک یادگار سیریز جیتنا چاہے گا۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے 1999ء سے لے کر آج تک کسی مقابلے میں پاکستان کو شکست نہیں دے سکا، نہ ہی ٹیسٹ میں، نہ ہی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا معرکہ 17 اپریل کو میرپور، ڈھاکہ میں ایک روزہ مقابلے کی صورت میں ہوگا جس کے بعد مزید دو ون ڈے میچز اور پھر ایک ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ کھیلے جائیں گے۔

پہلے دو ایک روزہ مقابلوں کے لیے بنگلہ دیشی دستہ:

مشرفی مرتضیٰ (کپتان)، ابو الحسن، تسکین احمد، تمیم اقبال، روبیل حسین، رونی تعلقدار، سومیا سرکار، شبیر رحمٰن، شکیب الحسن، عرفات سنی، محمود اللہ، مشفق الرحیم، مومن الحق اور ناصر حسین۔