احسان عادل بھی زخمی، عمر گل کی واپسی

0 1,030

گزشتہ چند ماہ میں پاکستان نے اتنی فتوحات حاصل نہیں کیں، جتنے اس کے کھلاڑی زخمی ہوئے ہیں۔ سالِ رواں کے آغاز کے ساتھ ہی محمد حفیظ اور جنید خان سے جو سلسلہ شروع ہوا، وہ اب سال کے چوتھے مہینے تک جاری ہے اور دورۂ بنگلہ دیش میں ایک اور کھلاڑی زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہوگیا ہے۔ اس مرتبہ زخمی ہونے والے کھلاڑی نوجوان تیز باؤلر احسان عادل ہیں، جو ران میں تکلیف کے شکار ہیں۔

پاکستان کو 16 سال کے طویل عرصے کے بعد کسی بین الاقوامی مقابلے میں شکست کے ساتھ ہی ایک اور گیندباز سے محرومی کا صدمہ سہنا پڑا ہے۔ صہیب مقصود، سہیل خان اور یاسر شاہ کے بعد وہ بنگلہ دیش کے دورے سے باہر ہونے والے چوتھے کھلاڑی ہیں۔ پاکستان نے احسان عادل کی جگہ تجربہ کار عمر گل کو طلب کرلیا ہے۔

31 سالہ عمر گل پے در پے انجریز کی وجہ سے کافی عرصے سے ٹیم میں مستقل جگہ حاصل نہیں کرسکے ہیں۔ پچھلے سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ کے بعداب تک ایک سال کے عرصے میں انہوں نے محض ایک مقابلہ کھیلا ہے جب پچھلے سال دسمبر میں انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ مقابلے میں شرکت کی۔ البتہ 125 مقابلوں کا تجربہ اور 173 وکٹیں عمر گل کی مہارت کا ثبوت ہیں اور بنگلہ دیش کے خلاف جہاں پاکستان پہلے مقابلے میں پانچویں گیندباز کی عدم موجودگی میں پریشان دکھائی دیا، عمر گل کی آمد پاکستان کو استحکام دے گی۔