کرکٹ نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی

0 1,018

بھارت میں کرکٹ کھیلنے کے دوران پیش آنے والے ایک حادثے نے نوجوان کی جان لے لی۔ کلکتہ میں کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے ڈویژن 1 کے ایک ناک آؤٹ مقابلے میں مشرقی بنگال کے کھلاڑی انکت کیشری دوسرے کھلاڑی سے ٹکرانے کی وجہ سے زخمی ہوگئے تھے اور تین دن بعد ہسپتال میں چل بسے۔

یہ واقعہ جمعے کے روز کلکتے کے جادوپور یونیورسٹی کیمپس گراؤنڈ میں مشرقی بنگال اور بھووانی پور کے مقابلے کے دوران پیش آیا تھا۔ بھووانی پور کی اننگز کے 44 ویں اوور میں، یعنی اننگز کے خاتمے سے قبل آخری اوور میں، انکت متبادل فیلڈر کی حیثیت سے ڈیپ کور پر کھڑے تھے جب وہ ایک اٹھتے ہوئے شاٹ کو پکڑنے کے لیے دوڑے۔ دوسری جانب گیندباز سوربھ منڈل بھی اسی کیچ کو تھامنے کے لیے بھاگے۔ انجانے میں دونوں کھلاڑی بری طرح ٹکرائے جس کے نتیجے میں انکت وہیں پر بے ہوش ہوگئے اور ان کے منہ سے خون بھی بہنے لگا۔ انکت کو سر اور گردن پر سخت چوٹ آئی تھی جہاں، دیگر کھلاڑیوں کے مطابق، سوربھ کا گھٹنا لگا تھا۔ انہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں دو دن کے علاج کے بعد ان کی طبیعت سنبھلنے لگی تھی لیکن اتوار کی شب دل کا دورہ پڑنے کے بعد وہ سوموار کی صبح انتقال کرگئے۔

20 سالہ انکت کیشری بنگال کی انڈر-19 ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے ہیں اور انڈر-19 ورلڈ کپ 2014ء میں بھارت کے ابتدائی 30 رکنی دستے میں بھی شامل تھے۔