پاکستان کے لیے خوشخبری، حفیظ کا باؤلنگ ایکشن شفاف قرار

0 1,198

پے در پے شکستوں کے درمیان پاکستان کے لیے بالآخر ایک اچھی خبر آ ہی گئی۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے پاکستان کے اہم گیندباز محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو شفاف قرار دے دیا ہے اور انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں فوری طور پر باؤلنگ کی اجازت بھی دے دی ہے۔

محمد حفیظ پچھلے سال نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے مقابلے میں شک کی زد میں آئےتھے۔ ان کے باؤلنگ ایکشن کی ابتدائی جانچ میں ناکامی کے بعد آئی سی سی نے انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں گیندبازی سے روک دیا تھا۔ یہ سعید اجمل کی معطلی کے بعد پاکستان کے لیے دوسرا بڑا دھچکا تھا کیونکہ اس کے نتیجے میں پاکستان ایک روزہ کرکٹ میں اپنے دونوں سرفہرست گیندبازوں سے محروم ہوگیا۔ بہرحال، سعید اجمل تو اپنا باؤلنگ ایکشن کلیئر کروانے میں کامیاب ہوگئے لیکن محمد حفیظ کو اپنی پنڈلی کی تکلیف کی وجہ سے کافی دیر لگ گئی۔ انہوں نے 9 اپریل کو چنئی کی سری رام چندر یونیورسٹی میں اپنے ترمیم شدہ باؤلنگ ایکشن کی جانچ کروائی جس کے نتائج کے مطابق حفیظ کی تمام گیندیں آئی سی سی کی مقررہ قانونی حدود کے اندر ہیں، اس لیے انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ کی اجازت ہے۔

آئی سی سی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق امپائروں کو اب بھی آزادی حاصل ہے کہ اگر وہ محمد حفیظ کے ایکشن کو مشکوک پائیں تو اسے رپورٹ کریں۔ اس مقصد کے لیے آئی سی سی نے حفیظ کے نئے باؤلنگ ایکشن کی وڈیوز اور تصاویر بھی امپائروں کو فراہم کی ہے۔

سعید اجمل کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی تو اب تک اتنی کارگر ثابت نہیں ہوئی اور وہ بنگلہ دیش کے خلاف ابتدائی دونوں ایک روزہ مقابلوں میں بجھے بجھے دکھائی دیے لیکن کیا محمد حفیظ ویسے ہی موثر ثابت ہوں گے، جیسے معطلی سے قبل تھے؟ یہ وقت بتائے گا۔ فی الحال تو وہ اس فیصلے پر بہت خوش ہیں اور کہتے ہیں کہ "میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے اس کڑے وقت میں میرا ساتھ دیا۔"

محمد حفیظ کی واپسی ایک روزہ سیریز میں رنز کے انبار لگا دینے والے بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال کے لیے بری خبر ثابت ہوسکتی ہے۔ تمیم نے بین الاقوامی کرکٹ میں پانچ مرتبہ محمد حفیظ کی باؤلنگ کا سامنا کیا ہے اور تین بار انہی کو وکٹ دی ہے جس میں دو بار صفر کی ہزیمت بھی شامل ہے۔

آئی سی سی نے محمد حفیظ کے ساتھ ساتھ پاکستان کی خاتون آف اسپنر جویریہ خان کے باؤلنگ ایکشن کو بھی صاف قرار دے دیا ہے، جو حفیظ کے ساتھ ہی چنئی میں باؤلنگ ایکشن کی جانچ کے لیے گئی تھیں۔