زمبابوے نے بالآخر دورۂ پاکستان کی تصدیق کر ہی دی

1 1,003

ہفتہ بھر غیر یقینی صورتحال رہنے کے بعد بالآخر زمبابوے نے دورۂ پاکستان کی حتمی و فیصلہ کن تصدیق کردی ہے، جس میں وہ پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے گا۔

کھیلوں اور تفریح کے لیے ملکی کمیشن کی جانب سے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کی تجویز کے بعد جمعرات کو زمبابوے کرکٹ نے ایک اعلامیہ جاری کیا تھا جس میں پاکستان کا دورہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ یہ خبر بڑے پیمانے پر پھیلی لیکن کچھ ہی دیر بعد اس اعلامیہ کو کالعدم قرار دے دیا گیا۔ جس کے بعد زمبابوے اور پاکستان کے کرکٹ بورڈز کے مابین مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوا اور اب زمبابوے نے تصدیق کی ہے کہ وہ کمیشن کی تجویز کے باوجود پاکستان کا دورہ کرنے کو تیار ہے۔

یہ چھ سال بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کا اعلان ہے۔ مارچ 2009ء میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بند ہوگئی تھی اور بارہا کوششوں کے باوجود پی سی بی اسے بحال کرنے میں ناکام رہا۔

دوسری جانب بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ وہ پاک-زمبابوے سیریز کے لیے امپائروں مقرر نہیں کرسکتا کیونکہ اسے ان کی حفاظت کے حوالے سے خطرہ لاحق ہے۔ البتہ اس سیریز کو بین الاقوامی درجہ حاصل ہوگا اور پاکستان کرکٹ بورڈ خود سے امپائروں کا تقرر کرے گا۔

پاک-زمبابوے تاریخی سیریز کا باضابطہ آغاز 22 مئی کو لاہور میں پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے سے ہوگا۔ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے اور لاہور میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے، جس کے قذافی اسٹیڈیم میں تمام مقابلے کھیلے جائیں گے۔