پاک-زمبابوے سیریز، پاکستانی ٹی ٹوئنٹی دستے کا اعلان

0 1,035

چھ سال کے طویل عرصے کے بعد ایک تاریخی لمحہ آن پہنچا ہے اور پاکستان بھی اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے پاکستان نے 15 رکنی دستے کا اعلان کردیا ہے، جو مختصر ترین طرز کی کرکٹ کے ماہر کھلاڑیوں، آزمائے ہوئے مہروں اور باصلاحیت نوجوانوں کا انوکھا ملاپ دکھائی دیتا ہے۔ ایک طرف عمر اکمل کی واپسی ہے، احمد شہزاد کا برقرار رہنا ہے تو دوسری جانب شعیب ملک اور محمد سمیع کی عرصہ بعد واپسی بھی ہے۔ ان دونوں پہلوؤں سے ہٹ کرحالیہ سپر8 ٹی ٹوئنٹی کپ کے ہیرو نعمان انور بھی شامل ہوئے ہیں۔

شعیب ملک نے آخری بار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جبکہ محمد سمیع نے تو جون 2012ء سے اب تک کوئی بین الاقوامی مقابلہ نہیں کھیلا۔ شعیب ملک کو اپنی بہترین کارکردگی اور سپر8 ٹی ٹوئنٹی کپ میں سیالکوٹ اسٹالینز کو اعزاز جتوانے کا انعام دیا گیا ہے جبکہ سمیع کو جنید خان پر ترجیح دیتے ہوئے شامل کیا گیا ہے۔ کیوں؟ کیونکہ وہ اس وقت بھی پاکستان کے تیز ترین گیندباز ہیں۔ بہرحال، ان دونوں کی شمولیت کے علاوہ بھی دستے پر سپر8 ٹی ٹوئنٹی کپ کی چھاپ دکھائی دیتی ہے۔ سیمی فائنل میں 80 اور فائنل میں 97 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلنے والے سیالکوٹی اوپنر نعمان انور بھی دستے میں شامل ہیں جبکہ انور علی، حماد اعظم، عماد وسیم اور فائنل میں پہلی ہی گیند پر وکٹ لینے والے بلاول بھٹی بھی دستے کا حصہ بنے ہیں۔ نعمان انور نے ٹورنامنٹ میں 270 رنز بنائے، وہ بھی 162 سے زیادہ کے شاندار اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ۔ اس پر ان کا انتخاب تو بنتا ہے۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے اپنے آخری ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں سے متعدد کھلاڑیوں کو باہر کیا ہے۔ تجربہ کار لیکن نئے باؤلنگ ایکشن کے ساتھ کارگر ثابت نہ ہونے والے سعید اجمل کا مستقبل اب غیر یقینی دکھائی دیتا ہے، خاص طور پر جب بورڈ نے بھی ان پر ظاہر کردیا ہے کہ وہ اب ترجیحی طور پر منتخب نہیں ہوں گے۔ عمر گل اور سہیل تنویر کے علاوہ نوآموز سعد نسیم اور حارث سہیل کو بھی باہر کا راستہ دکھایا گیا اور ان سب سے بڑھ کر حالیہ سپر 8 ٹی ٹوئنٹی کپ میں بے اثر نظر آنے والے جنید خان بھی ایک مرتبہ پھر باہر بیٹھیں گے۔

سپر 8 ٹی ٹوئنٹی کپ سے ہٹ کر پاکستان 'اے' کے حالیہ دورۂ سری لنکا میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے عماد وسیم بھی منتخب ہوئے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ان میں سے کون حتمی الیون میں جگہ پاتا ہے اور اپنے انتخاب کو درست ثابت کر دکھاتا ہے۔

پاکستان پہلا ٹی ٹوئنٹی 22 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گا، جہاں سیریز کے تمام مقابلے کھیلے جائیں گے۔

اعلان کردہ دستہ:

شاہد آفریدی (کپتان)، احمد شہزاد، انور علی، بلاول بھٹی، حماد اعظم، سرفراز احمد، شعیب ملک، عماد وسیم، عمر اکمل، محمد حفیظ، محمد رضوان، محمد سمیع، مختار احمد، نعمان انور اور وہاب ریاض۔