سعید اجمل کی عدم موجودگی سری لنکا کے لیے باعثِ رحمت

0 1,060

ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی تینوں طرز کی کرکٹ میں دنیا کے بہترین گیندبازوں میں شمار ہونے والے سعید اجمل کی عدم موجودگی، اور اب نئے باؤلنگ ایکشن کے ساتھ بے ضرر ثابت ہونا، دنیا کے کئی بلے بازوں کو سکھ کا سانس فراہم کررہا ہے۔ زیادہ تر اس حقیقت کا اظہار نہیں کرتے لیکن سری لنکا کے کوچ مارون اتاپتو نے اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعید اجمل کی عدم موجودگی میں سری لنکا کو پاکستان پر نفسیاتی برتری حاصل ہوگی۔

گزشتہ سال دورۂ سری لنکا میں باؤلنگ ایکشن پر اعتراض اٹھنے کے بعد سعید اجمل کئی مہینے اپنے باؤلنگ ایکشن کو قانونی دائرے میں لانے کے لیے کام کرتے رہے یہاں تک کہ عالمی کپ سے چند روز قبل ان کے نئے ایکشن کو شفاف قرار دیا گیا۔ بنگلہ دیش کے گزشتہ دورے سے سعید اجمل کو بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنے کا موقع ملا لیکن وہ مکمل طور پر بے اثر ثابت ہوئے۔ یہی وجہ ہے کہ سری لنکا کے دورے سے انہیں باہر کردیا گیا ہے۔

سری لنکا کے ایک روزنامے سے گفتگو کرتے ہوئے اتاپتو نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم میں جو بڑی تبدیلی دکھائی دیتی ہے، وہ سعید اجمل کی عدم موجودگی ہے۔ وہ ان کا بڑا ہتھیار تھے اور بدقسمتی سے اب ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ اب اجمل کی عدم موجودگی ہمارے لیے نفسیاتی برتری ہے ، اور یہ بات صرف سری لنکا نہیں بلکہ دنیا کے کئی بلے باز بھی سمجھتے ہیں۔ سعید کی وجہ سے انہیں کئی راتیں سکون کی نیند نہیں آئی ہوگی، اور اب وہ میدان میں موجود نہیں۔ یہ ہمارے لیے فائدے کی بات ہے۔

البتہ اتاپتو کا کہنا تھا کہ سعید اجمل کے باوجود پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کی ایک بڑی قوت ہے۔ "ان کے پاس ایسے گیندباز موجود ہیں جو ان کے لیے مقابلے جیت سکتے ہیں۔ ان کے دو اسپن گیندبازوں نے آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ سیریز میں بہت عمدہ کارکردگی دکھائی تھی اس لیے ہمارے بلے بازوں کو مثبت ذہن کے ساتھ کھیلنا ہوگا اور حریف گیندبازوں پر دباؤ ڈالنا ہوگا۔"

مارون اتاپتو نے کہا کہ ہم مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگاکارا کے بغیر ایک نئے عہد میں داخل ہو رہے ہیں۔ یہ نوجوانوں کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہوگا اور امید ہے کہ وہ مواقع کا فائدہ اٹھائیں گے۔

جے وردھنے رواں سال عالمی کپ کے بعد تمام طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہہ گئے تھے کہ کمار سنگاکارا رواں سال اگست میں بھارت کے خلاف کھیلنے کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ٹیسٹ 17 جون سے گال میں شروع ہو رہا ہے، جس کے بعد مزید دو ٹیسٹ بھی کھیلے جائیں گے۔