میدان میں خطرناک حادثہ، دو فیلڈرز شدید زخمی

0 1,016

انگلستان میں اس وقت نیٹ ویسٹ ٹی20 بلاسٹ کی صورت میں ایک زبردست ٹورنامنٹ جاری ہے جس میں نہ صرف انگلستان بلکہ دنیا بھر کے کئی کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔ اتوار کو، جب ہزاروں تماشائی ایک، ایک مقابلے کے لیے میدانوں میں موجودتھے، جنوبی انگلستان کے شہر ارونڈیل میں ایک سانحہ رونما ہوتے ہوتے رہ گیا۔

ارونڈیل کاسل کرکٹ کلب میں سسیکس اور سرے کے مابین کھیلے گئے ایک مقابلے میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے موئسے اینریکے اور مقامی کھلاڑی روری برنس فیلڈنگ کے دوران بری طرح ٹکرا گئے۔ سسیکس کی بیٹنگ کے دوران یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 19 ویں اوور کا کھیل جاری تھا اور ٹام کرین کی گیندکو اسٹیفن پیولیٹ نے آف سائیڈ کی جانب اٹھا کر کھیلا۔ اس پر کیچ تھامنے کے لیے برنس کور کی جانب سے دوڑتے ہوئے آئے جبکہ اینریکے نے پوائنٹ سے الٹی دوڑ لگائی۔ دونوں کھلاڑیوں کی نظریں گیند پر جمی ہوئی تھیں اور انہیں سرے سے اندازہ نہیں تھا کہ پوری رفتار کے ساتھ گیند پکڑنے کے لیے کوئی اور بھی دوڑ رہا ہے۔ پھر دونوں متصادم ہوئے ، جس میں دونوں کے چہرے ایک دوسرے سے زبردست انداز میں ٹکرائے۔ یہ ضرب اتنی شدید تھی کہ دونوں کھلاڑی فوری طور پر بے ہوش ہوگئے۔ فیلڈرز نے طبی امداد طلب کی جس پر طبی عملہ میدان میں پہنچا۔ معاملے کی شدت کو دیکھتے ہوئے کچھ ہی دیر میں تین ایمبولنسیں بھی اندر آ گئیں۔

کیون پیٹرسن، اظہر محمود، مہیلا جے وردھنے اور کئی دیگر کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھنے کے لیے ساڑھے 8 ہزار تماشائی میدان میں موجود تھے اور اس واقعے پر سب کو سانپ سونگھ گیا۔ کوئی نصف گھنٹے کی طبی کارروائی کے بعد اینریکے کو ایمبولنس میں منتقل کیا گیا۔ وہ اس وقت تک ہوش میں آ چکے تھے اور ایمبولنس میں سوار ہونے سے پہلے انہوں نے تماشائیوں کی طرف دیکھ کر ہاتھ بھی ہلایا۔ 10 منٹ بعد برنس بھی ہوش میں آئے اور انہوں نے بھی اپنی خیریت کا پیغام دیا۔ دونوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایکسرے اور دیگر جائزوں کے بعد معلوم ہوا کہ اینریکے کا جبڑا تین جگہ سے ٹوٹ چکا ہے اور انہیں جلد آپریشن کی ضرورت ہوگی۔ البتہ ٹکر کے وقت ایسا لگ رہا تھا کہ برنس کو زیادہ سخت چوٹیں لگی ہیں البتہ معاملہ صرف سر اور چہرے پر کچھ ٹانکوں تک ہی محدود رہا۔

دونوں کھلاڑیوں کے بے ہوش ہوجانے کے بعد مقابلے کا ویسے ہی خاتمہ کردیا گیا تھا اور صبر آزما انتظار کے بعد جب دونوں کھلاڑیوں کی خیریت کی خبر پہنچی تو تماشائیوں نے سکھ کا سانس لیا ہوگا۔ یاد رہے کہ اینریکے گزشتہ سال نومبر میں میدان میں باؤنسر لگنے سے انتقال کرجانے والے فلپ ہیوز کے ساتھی کھلاڑی ہیں۔ اینریکے اس مقابلے میں اپنے حصے کے 4 اوورز پھینک چکے تھے جس میں انہوں نے صرف 23 رنز دےکر 3 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں لیکن اس محنت کا ثمر سمیٹنے میں ناکام رہے۔ امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوکر ایک مرتبہ پھر میدان میں کھیلتے دکھائی دیں گے۔