ڈرون گرانے کا ’ صحیح طریقہ‘!

1 1,026

انڈین پریمیئر لیگ کی کامیابی کے بعد مختلف کرکٹ بورڈز نے اپنی ٹی ٹوئنٹی لیگز متعارف کروائیں جن میں ویسٹ انڈیز کی سی پی ایل ٹی20 کو ایک نمایاں مقام حاصل ہے۔ 2013ء میں شروع ہونے والی اس لیگ میں دنیا بھر کے معروف کھلاڑی حصہ لیتے ہیں جن میں پاکستان کے مصباح الحق، شاہد آفریدی، شعیب ملک، محمد حفیظ اور سہیل تنویر بھی شامل رہے ہیں۔ اس بار یعنی 2015ء میں سی پی ایل کا آغاز 20 جون سے ہو رہا ہے جس میں بارباڈوس ٹرائیڈنٹس اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔

سی پی ایل 2015ء کی تشہیر و ترویج اس وقت اپنے عروج پر ہے اور اس بار چند انتہائی غیر روایتی طریقوں کے ذریعے شائقین کرکٹ کی توجہ سی پی ایل کی جانب مبذول کروائی جا رہی ہے۔ لیکن چند ایک 'پروموز' نے بڑی مقبولیت حاصل کی ہے ان میں سب سے نمایاں وہ ہے جس میں جمیکا ٹلاواز کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل اور انگلستان سے تعلق رکھنے والے سینٹ لوشیا زوکس کے کیون پیٹرسن کو ایک مشکل ہدف دیا گیا ہے کہ وہ شاٹ مار کر فضاء میں اڑتے ہوئے ایک ڈرون کو گرائیں۔

'ڈرون ڈاؤن' نامی اس چیلنج میں باؤلنگ مشین کے ذریعے ان بلے بازوں کو گیندیں پھینکی گئیں جنہیں وہ اپنی مقررہ جگہ پر کھڑے کیے گئے ڈرون کو گرانے کے لیے کھیلتے رہے۔ کیون پیٹرسن کا ایک شاٹ ڈرون کے بہت قریب سے گزرا اور اس موقع کا گیل نے فائدہ اٹھا لیا۔ اگلی ہی گیند پر انہوں نے ایسا شاٹ لگایا جو ننھے ڈرون کو دھول چاٹنے پر مجبور کرگیا۔ اس دلچسپ وڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجیے اور گیل کی مہارت کی داد دیجیے۔