دھونی کو گرم مزاجی دکھانے پر جرمانہ

0 1,043

بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ایک روزہ میں شکست کو سامنے دیکھتے ہوئے خفت مٹانے کی کوشش تھی یا پھر غیر ارادی حرکت، لیکن بھارت کے 'ٹھنڈے مزاج' کے قائد مہندر سنگھ دھونی نے بالآخر اپنی گرم مزاجی ظاہر کر ہی دی اور اب اس کی سزا بھی بھگتنا ہوگی۔ پہلے ایک روزہ مقابلے میں انہوں نے رن دوڑتے ہوئے راہ میں حائل بنگلہ دیش کے نوجوان گیندباز مستفیض الرحمٰن کو دھکا دیا اور اب نہ صرف دھونی بلکہ گیندباز پر بھی میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

مقابلے کے 25 ویں اوور کے دوران دھونی ایک شاٹ کھیل کر رن لینے کے لیے دوڑے۔ اس دوران مستفیض بظاہر جانتے بوجھتے بلے باز کی راہ میں حائل ہوئے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ دھونی نےراستہ بدلنے کے بجائے سیدھا گیندباز کی ہی طرف رخ کیا اور اپنے بازو اور کہنی سے براہ راست انہیں نشانہ بنایا۔ اس ٹکر کے نتیجے میں مستفیض سخت تکلیف میں مبتلا ہوگئے اور کچھ دیر کے لیے میدان سے باہر چلے گئے۔ لیکن بعد میں واپس آئی اور بنگلہ دیش کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

مستفیض اس سے قبل بھارتی بلے باز روہیت شرما کے ساتھ بھی کچھ ایسی ہی حرکت کرچکے تھے، البتہ دونوں میں تصادم نہیں ہوا تھا۔ شاید دوسری بار ایسا کرنا ہی مستفیض کے لیے مہنگا ثابت ہوا، جنہوں نے کارکردگی تو بہت عمدہ پیش کی، اور بنگلہ دیش کو کامیابی بھی دلائی لیکن میچ ریفری کے ہاتھوں 50 فیصد جرمانے سے نہ بچ سکے۔

دوسری جانب واقعے کے اہم 'مجرم' مہندر سنگھ دھونی پر 75 فیصد میچ فیس کا بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ وہ چند مقابلوں کی پابندی سے شاید اس لیے بچ گئے کہ بلے باز کی راہ مسدود کرنے کی کوشش ارادی لگتی ہے۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو جس طرح انہوں نے 19 سالہ مستفیض کو 'ناک آؤٹ' کیا، اس پر پانچ مقابلوں کے لیے تو باہر ہو ہی جاتے۔