نئی منزلوں کا راہی، یونس خان
آج سے 15 سال قبل راولپنڈی سے جس سفر کاآغاز ہوا تھا، وہ کئی سنگ ہائے میل عبور کرتا ہوا اب ایک اورموڑ پر پہنچ چکا ہے۔ یونس خان اپنا 100 واں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے کولمبو کےپی سروانامتو اسٹیڈیم میں اتریں گے اور یوں اس اعزاز کو حاصل کرنے والے پانچویں پاکستانی کھلاڑی بن جائیں گے۔ ڈیڑھ دہائی قبل اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری سے آغاز لینے والے 23 سالہ یونس خان کو شاید خود بھی یقین نہ ہوگا کہ وہ ایک روز "سنچری ٹیسٹ" کھیلیں گے، لیکن کئی قومی ریکارڈ توڑنے کے بعد اب وہ ایک اہم ترین منزل کو پا رہے ہیں اور کئی نئے ریکارڈز بھی اپنی گرفت میں لے رہے ہیں۔
یونس خان سے پہلے صرف چار پاکستانی کھلاڑی ایسے ہیں، جنہیں 100 یا اس سے زیادہ ٹیسٹ مقابلے کھیلنے کو ملے۔ ملک کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ جاوید میانداد نے کھیلے، جنہوں نے 1976ء سے 1993ء تک کل 124 ٹیسٹ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور آج بھی سب سے زیادہ ٹیسٹ کے ساتھ سب سے زیادہ رنز کا قومی ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ ان کے بعد انضمام الحق کا نام ہے، جنہوں نے 120 مقابلے کھیلے۔ وسیم اکرم نے 104 اور سلیم ملک نے 103 ٹیسٹ میں شرکت کی۔ ان چاروں کے علاوہ کسی پاکستانی کے ٹیسٹ مقابلوں کی تعداد تہرے ہندسے میں نہیں پہنچی۔ اب یونس خان اس مقام کو پہنچ رہے ہیں۔
پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑی
کھلاڑی | ملک | سال آغاز | سال اختتام | مقابلوں کی تعداد |
---|---|---|---|---|
جاوید میانداد | پاکستان | 1976ء | 1993ء | 124 |
انضمام الحق | پاکستان | 1992ء | 2007ء | 119 |
وسیم اکرم | پاکستان | 1985ء | 2002ء | 104 |
سلیم ملک | پاکستان | 1982ء | 1999ء | 103 |
یونس خان | پاکستان | 2000ء | تا حال | 99 |
یہ نیا اعزاز یونس خان کے سینے پر سجے 'تمغوں' کی طویل قطار میں تازہ اضافہ ہوگا۔ یونس خان پاکستان کے لیے سب سے زیادہ سنچریوں کا اہم ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ سنچریاں بنانے میں شاید ہی کوئی اتنا بڑا 'استاد' سرزمین پاک پر پیدا ہوا ہو۔ انہوں نے عظیم جاوید میانداد سمیت ہر اس بلے باز کو پیچھے چھوڑا، جو ان سے قبل سنچریوں کے انبار لگا چکا تھا۔ لیکن تعداد کے علاوہ یونس کو جو چیز سب سے ممتاز کرتی ہے، وہ ان کی طویل اننگز کھیلنے کی تڑپ ہے۔ یونس خان کے ٹیسٹ کیریئر میں 29 سنچریاں شامل ہیں اور نصف سنچریوں کی تعداد بھی 29 ہی ہے۔ یعنی ہر دوسری نصف سنچری نے تہرے ہندسے تک پہنچ کر ہی دم لیا۔
پاکستان کے لیے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز
بلے باز | ملک | مقابلے | رنز | بہترین اننگز | اوسط | سنچریاں | نصف سنچریاں |
---|---|---|---|---|---|---|---|
یونس خان | پاکستان | 99 | 8594 | 313 | 53.71 | 29 | 29 |
انضمام الحق | پاکستان | 119 | 8829 | 329 | 50.16 | 25 | 46 |
محمد یوسف | پاکستان | 90 | 7530 | 223 | 52.29 | 24 | 33 |
جاوید میانداد | پاکستان | 124 | 8832 | 280* | 52.57 | 23 | 43 |
سلیم ملک | پاکستان | 103 | 5768 | 237 | 43.69 | 15 | 29 |
یونس خان پاکستان کی تاریخ کے واحد بلے باز ہیں جنہوں نے ہر ملک کے خلاف کم از کم ایک سنچری ضرور بنا رکھی ہے۔ کولمبو میں آج وہ جس سری لنکا کے مقابل آئیں گے، وہی ان کا سب سے پسندیدہ حریف ہے۔ 7 مرتبہ سری لنکا کے خلاف سنچری بنانے والے یونس خان نے ایک بار اسی حریف کے مقابلے میں ٹرپل سنچری کا ہندسہ بھی عبور کیا ہے۔ 313 رنز کی اس یادگار اننگز کے علاوہ یونس نےپانچ بار ڈبل سنچری بھی بنائی ہے، یعنی وہ جاوید میانداد کے بعد سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے پاکستانی بلے باز ہیں۔ اگر دو مرتبہ 190 رنز بنانے کے بعد ڈبل سنچری سے پہلے آؤٹ نہ ہوتے تو آج یہ تعداد 7 ہوتی۔
تمام ممالک کے خلاف سنچریاں بنانے والے بلے باز
بلے باز | ملک | آخری سنچری اننگز | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|
گیری کرسٹن | جنوبی افریقہ | 150 | بنگلہ دیش | ایسٹ لندن | اکتوبر 2002ء |
اسٹیو واہ | آسٹریلیا | 100* | بنگلہ دیش | ڈارون | جولائی 2003ء |
سچن تنڈولکر | بھارت | 248* | بنگلہ دیش | ڈھاکہ | دسمبر 2004ء |
راہول ڈریوڈ | بھارت | 160 | بنگلہ دیش | چٹاگانگ | دسمبر 2004ء |
مارون اتاپتو | سری لنکا | 127 | نیوزی لینڈ | نیپئر | اپریل 2005ء |
برائن لارا | ویسٹ انڈیز | 130 | پاکستان | برج ٹاؤن | مئی 2005ء |
ایڈم گلکرسٹ | آسٹریلیا | 144 | بنگلہ دیش | فتح اللہ | اپریل 2006ء |
رکی پونٹنگ | آسٹریلیا | 118* | بنگلہ دیش | فتح اللہ | اپریل 2006ء |
کمار سنگاکارا | سری لنکا | 152 | انگلستان | کانڈی | دسمبر 2007ء |
مہیلا جے وردھنے | سری لنکا | 240 | پاکستان | کراچی | فروری 2009ء |
ژاک کیلس | جنوبی افریقہ | 224 | سری لنکا | کیپ ٹاؤن | جنوری 2012ء |
یونس خان | پاکستان | 106 | آسٹریلیا | دبئی | اکتوبر 2014ء |
یونس خان نے 99 ٹیسٹ مقابلوں میں 53.71 کے اوسط کے ساتھ 8594 رنز بنا رکھے ہیں اور وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کا ریکارڈ توڑنے سے صرف 238 رنز کے فاصلے پر ہیں۔ عین ممکن ہے کہ سری لنکا کے خلاف اسی سیریز کی بقیہ چار اننگز میں یہ کارنامہ بھی انجام دے ہی دیں۔
پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز
بلے باز | ملک | مقابلے | رنز | بہترین اننگز | اوسط | سنچریاں | نصف سنچریاں |
---|---|---|---|---|---|---|---|
جاوید میانداد | پاکستان | 124 | 8832 | 280* | 52.57 | 23 | 43 |
انضمام الحق | پاکستان | 119 | 8829 | 329 | 50.16 | 25 | 46 |
یونس خان | پاکستان | 99 | 8594 | 313 | 53.71 | 29 | 29 |
محمد یوسف | پاکستان | 90 | 7530 | 223 | 52.29 | 24 | 33 |
سلیم ملک | پاکستان | 103 | 5768 | 237 | 43.69 | 15 | 29 |