انگلستان نے 12 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کر دیا، مورگن کی واپسی

0 1,014

انگلستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے 12 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں ایون مورگن کو ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق 12 رکنی دستے میں وہ تمام کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ایشیز کا اعزاز حاصل کیا تھا، سوائے ایون مورگن کے جو پانچ ٹیسٹ مقابلوں کی ایشیز سیریز کا حصہ نہیں تھے۔

ایون مورگن نے سری لنکا کے خلاف جاری ٹور میچ میں 193 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر روی بوپارا کی ٹیم میں ممکنہ واپسی کی راہ بند کر دی اور ممکنہ طور پر انگلستان کی جانب سے کیریئر کا ساتواں ٹیسٹ کھیلیں گے۔ روی بوپارا کو پال کولنگ ووڈ کی جگہ ٹیم میں شمولیت کے سب سے مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا تھا لیکن مورگن نے اپنی فارم ثابت کر کے ان سے یہ جگہ چھین لی۔ اس سے قبل مورگن گزشتہ موسم گرما میں بنگلہ دیش اور پاکستان کے خلاف ہوم سیریز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ جس میں ان کی ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف سنچری اننگ بھی شامل ہے۔

دوسرا اہم فیصلہ زخمی ٹم بریسنن کی جگہ کسی کھلاڑی کی شمولیت تھا جس کے لیے اجمل شہزاد زیادہ مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے تھے لیکن انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نےاسٹیون فن کو طلب کیا ہے۔ جنہوں نے گزشتہ ایشیز سیریز کے ابتدائی تین مقابلوں میں شرکت کی تھی۔

انگلینڈ کے قومی سلیکٹر جیف ملر نے کہا کہ "ہم ایک مرتبہ پھر اپنی سرزمین پر کھیلنے پر بہت خوش ہیں اور ہماری نظریں فتوحات کے اس سلسلے کو برقرار رکھنے پر مرکوز ہیں جس کا آغاز گزشتہ موسم سرما میں ایشیز سیریز سے ہوا تھا۔ اس وقت ہم کئی باصلاحیت اور باہمت کھلاڑیوں کے حامل ہیں جو انگلستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر ایک ٹیم بنانے کے لیے کوشاں ہيں اور ہم اس ہدف کے حصول کا آغاز سری لنکا کے خلاف کارڈف میں پہلے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کے ذریعے کرنا چاہتے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا معرکہ 26 مئی سے صوفیہ گارڈنز، کارڈف میں شروع ہو رہا ہے۔

اعلان کردہ 12 رکنی حتمی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

اینڈریو اسٹراس (کپتان)، اسٹورٹ براڈ، اسٹیون فن، ایلسٹر کک، این بیل، ایون مورگن، جوناتھن ٹراٹ، جیمز اینڈرسن، کرس ٹریملٹ، کیون پیٹرسن، گریم سوان اور میٹ پرائیر۔