سچن زخمی، وطن واپس جائیں گے
گوکہ بھارت نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز برابر کر لی ہے لیکن سیریز میں فتح حاصل کرنے کے مقصد سچن ٹنڈولکر کے زخمی ہونے کے باعث سخت دھچکا پہنچاہے۔ان سے پہلے اوپننگ جوڑی وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر اور تیز گیند باز پروین کمار بھی زخمی ہو کر ٹیم سے باہر ہو چکے ہیں۔ ٹنڈولکر کی انجری کس قسم کی ہے اس بارے میں کچھ بتایا تو نہیں گیا لیکن کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر وہ وطن واپس جائیں گے۔ اب صرف ایک اوپنر مرلی وجے ٹیم میں رہ گئے ہیں جو اس وقت فارم میں نہیں ہیں۔
بھارت کے لیے زیادہ تشویشناک صورتحال یہ ہے کہ اگلے ماہ کرکٹ کا عالمی کپ شروع ہو رہا ہے اور بھارت فیورٹ ٹیموں میں سے ایک شمار کیا جا رہا ہے لیکن اہم بلے بازوں کے زخمی ہونے کےباعث اس کے عالمی کپ جیتنے کا خواب چکناچور ہو سکتا ہے۔
صورتحال محض بلے بازوں کے لیے ایسی نہیں ہے دوسری جانب چند گیند بازوں کے مسلسل استعمال کے باعث بھی وہ زخمی ہو سکتے ہیں۔ اور یہ بات دھونی کے ذہن میں بھی ہوگی کہ کسی باؤلر کا حد سے زیادہ استعمال نہ کیاجائے۔ یوں بھارت عالمی کپ سے قبل ایک اہم سیریز میں شدید مسائل سے دوچار ہے۔ اگر وہ اس صورتحال میں بھی یہ ایک روزہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو اسے عالمی کپ سے قبل زبردست نفسیاتی برتری حاصل ہو جائے گی تاہم ہارنے کی صورت میں وہ مزید دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے۔