انور علی "افسر" بن گئے
پاکستان کے دورہ سری لنکا کا اتنا شاندار اختتام ہوگا.... کسی نے سوچا بھی نہ تھا۔ دوسرے و آخری ٹی ٹوینٹی میں سری لنکا کے خلاف پاکستان کی فتح میں کلیدی اننگز کھیلنے والے نوجوان کھلاڑی انور علی نے جو دلیرانہ کھیل پیش کیا وہ طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ کپتان شاہد آفریدی کی پویلین واپسی کے بعد جب پاکستانی شائقین اپنے ٹی وی، ریڈیو بند کرنے اور میدان میں موجود حمایتی واپس لوٹنے کا سوچ رہے تھے، ایسے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا۔
آخری مقابلے میں شاندار کارکردگی نے نہ صرف انور علی کو مرد میدان قرار دلوایا بلکہ انہیں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) میں بھی ترقی دے کر افسر بنا دیا گیا ہے۔ مین آف دی میچ کا اعزاز وصول کرتے ہوئے انور علی نے کہا کہ کہ ٹیم انتظامیہ نے اپنا قدرتی انداز سے کھیلنے کو کہا جب کہ میں نے کوچ اور کپتان کی ہدایت کے مطابق ہر بال کو میرٹ پر کھیلا۔
اس میچ میں پہلے گیند بازی کرتے ہوئے انور علی نے اپنے دوسرے ہی اوور میں تلکارتنے دلشان کی اہم ترین وکٹ حاصل کی اور پھر بلے بازی میں جم کر سری لنکن گیند بازوں کی دھلائی کرتے ہوئے صرف 17 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 3 شاندار چھکے اور 4 خوبصورت چوکے شامل تھے۔
27 سالہ انور علی پاکستان کی جانب سے 11 ٹی ٹوینٹی بین الاقوامی مقابلوں میں حصے لے چکے ہیں۔ جن میں مجموعی طور پر 65 رنز بنا چکے ہیں اور آج کھیلے جانے والی اننگز ان کے کیرئیر کی بہترین اننگز تھی۔ علاوہ ازیں انور علی نے 6 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔