انور علی زندگی کی "نئی اننگز" شروع کرنے کے لیے تیار

2 1,110

سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوینٹی میں فتح گر اننگز کھیلنے والے انور علی اب اپنی زندگی کی نئی اننگز بھی شروع کرنے والے ہیں۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے انور علی کی شادی سوات سے تعلق رکھنے والے گھرانے میں طے ہو گئی ہے جس کے بعد آل راؤنڈر کی شادی کی تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔

طویل دورے کے بعد وطن واپسی پر انور علی نے بتایا کہ وہ اکتوبر میں شادی کر رہے ہیں۔ کراچی کے علاقے میٹروول میں رہائش پذیر دونوں خاندانوں کے درمیان چھ سال سے رشتے کی بات چل رہی تھی۔ اب حتمی معاملات طے پاجانے کے بعد قومی امکان ہے کہ وہ عید الاضحی کے بعد دولہا بنیں گے۔

یکم اگست کو کھیلے گئے میچ میں انور علی نے صرف 18 گیندوں پر 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی جس میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ نوجوان کھلاڑی صرف 4 رنز کے فرق سے اپنی پہلی نصف سنچری تو نہ بنا سکے لیکن ان کی بروقت و شاندار اننگز نے پاکستان کے لیے فتح کی راہ ہموار کی اور ان کی قسمت کے دروازے بھی کھول دیے۔

میچ کے مرد میدان کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) میں بھی انور علی کو ترقی دے کر افسر بنایا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ عمر ایسوسی ایٹس اور پاکستان کرکٹ کلب کے صدر نے بھی انور علی کو پانچ لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔