خصوصی افراد کا پانچ ملکی ٹورنامنٹ، پاکستان بھی شرکت کرے گا
پاکستان اگلے ماہ یعنی ستمبر کے اوائل میں ہونے والے خصوصی افراد کے ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا جس کے لیے 16 رکنی دستے کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان راشد لطیف نے بتایا کہ پانچ ملکی ٹورنامنٹ 2 سے 10 ستمبر تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا جس کا افتتاحی بنگلہ دیشی وزیر اعظم حسینہ واجد کریں گی۔ٹورنامنٹ میں پاکستان اور میزبان بنگلہ دیش کے علاوہ بھارت، افغانستان اور انگلستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے لیے پانچ لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ کھلاڑی25 سے 30 اگست تک نیشنل اسٹیڈیم سے ملحقہ پی سی بی ریجنل اکیڈمی میں تربیت لیں گے اور اس دوران تین مقابلے بھی کھیلیں گے۔
اعلان کردہ 16 رکنی دستے میں 6 بلے باز، 4 تیز گیندباز، 3 اسپنرز اور 3 آل راؤنڈرز شاملہیں۔ ٹیم کی قیادت حسنین عالم کریں گے جبکہ راؤ جاوید ان کے نائب ہوں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں امیر احمد، جہانزیب ٹوانہ، دانش احمد، ریحان غنی، عارف رچرڈ، عبد اللہ اعجاز، عبد اللہ آفریدی، عبد اللہ، عمیر الرحمٰن، فرحان سعید، فیاض احمد، محمد فیاض، مطلوب قریشی اور نہار عالم شامل ہیں۔
خصوصی کھلاڑیوں کا دستہ 30 اور 31 اگست کی درمیانی شب کراچی سے بنگلہ دیش روانہ ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے راشد لطیف کے اس دورے کے لیے خصوصی سفیر کی حیثیت سے بنگلہ دیش بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔