کامیابی انگلستان کی، نقصان پاکستان کا
اوول میں انگلستان اور آسٹریلیا کا پانچواں ٹیسٹ اپنی تمام تر ہنگامہ خیزیوں کے ساتھ شروع ہوچکا ہے۔ سیریز کا نتیجہ تو ابتدائی چار مقابلوں میں ہی نکل چکا ہے جس میں انگلستان نے حیران کن طور پر کامیابی حاصل کی۔ ایسی سیریز جس کے آغاز کو انگلستان کے کپتان ایلسٹر کک کا آخری امتحان سمجھا جا رہا تھا، آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک کے کیریئر کے خاتمے کا سبب بن گئی۔
انگلستان کی حیران کن کامیابی پاکستان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئی۔ عالمی درجہ بندی میں پاکستان اس وقت تیسرے نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا کا نمبر دوسرا اور انگلستان کا چھٹا ہے۔ لیکن آسٹریلیا کی سیریز میں نچلے درجے کی ٹیم کے ہاتھوں شکست نے آسٹریلیا کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے بھی مسئلے کھڑے کردیے ہیں۔ اب اگر اوول میں جاری آخری ٹیسٹ میں بھی کامیابی انگلستان کے قدم چومتی ہے تو وہ درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آ جائے گا جبکہ پاکستان بہرصورت چوتھے نمبر پر جائے گا، آسٹریلیا کی کامیابی کی صورت میں بھی۔ پانچویں ٹیسٹ میں آسٹریلیا جیتتا ہے تو انگلستان تیسرے نمبر پر رہے گا۔
پاکستان نے ابھی چند ماہ قبل ہی عالمی درجہ بندی میں تیسرا مقام حاصل کیا تھا اور ابھی جمعہ جمعہ آٹھ دن ہی نہیں گزرے تھے کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے سالانہ اپڈیٹ نے اسے ساتویں درجے پر لا پھینکا۔ اگر پاکستان کے خلاف سری لنکا میں ایک مشکل ٹیسٹ سیریز نہ جیتتا تو اب تک آٹھویں نمبر پر پڑا ہوتا لیکن مصباح الحق کی زیر قیادت شاندار کامیابیوں نے ٹیم کوکھویا ہوا مقام دلایا اور ابھی شایانِ شان جشن بھی نہ منایا تھا کہ انگلستان نے درجہ بندی کو ایک مرتبہ پھر الٹ پلٹ کر رکھ دیا ہے۔
ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں حتمی تبدیلیاں ایشیز سیريز کے خاتمے پر رونما ہوں گی۔ دیکھتے ہیں انگلستان تیسرا مقام حاصل کرتا ہے یا پھر آسٹریلیا سے دوسری پوزیشن چھیننے میں کامیاب ہوتا ہے۔