قومی ٹی ٹوئنٹی رنگا رنگ میلہ کل سے سجے گا

0 1,069

پاکستان کے شائقین کو جس وقت کا انتظار تھا بالآخر وہ قریب آگیا ہے، جی ہاں قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا شاندار میلہ، جس میں قومی ٹیم کے تقریباً تمام ہی ہیروز ایکشن میں نظر آئیں گے، کل یعنی یکم ستمبر سے شروع ہورہا ہے۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے لوگو کی تقریب رونمائی کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز انتخاب عالم نے گورننگ بورڈ کے رکن شکیل شیخ اور اسپانسر اداروں کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے بتایا کہ یکم ستمبر سے ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا آغاز ہورہا ہے، جو 5 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس مرحلے میں 8 ریجنز کی ٹیمیں شامل ہیں جنہیں 2گروپوں میں تقسیم کیاگیاہے۔کوالیفائنگ راؤنڈ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کو مرکزی مرحلے میں شمولیت کا موقع ملے گا جس کا آغاز 8 ستمبر سے ہوگا۔

تفصیلات بتاتے ہوئے انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ کوالیفائنگ راونڈ میں کوئٹہ، لاڑکانہ، لاہور (بلیوز) اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیموں کو گروپ 'اے' میں رکھا گیا ہے جبکہ گروپ 'بی' میں کراچی (بلیوز)، فاٹا، ڈیرہ مراد جمالی اور بہاولپور ہیں۔

اِسی طرح مرکزی مرحلے کے لیے بھی دو گروپس بنائے گئے ہیں۔ گروپ 'اے' میں سیالکوٹ،کراچی (وائٹس)، حیدر آباد، ملتان، راولپنڈی اور ایک کوالیفائر ریجن کی ٹیم شامل ہوگی جبکہ گروپ بی میں پشاور، فیصل آباد، اسلام آباد، لاہور (وائٹس)، ایبٹ آباد اور ایک کوالیفائر ریجن کی ٹیم کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔

کوالیفائنگ راؤنڈ میں روزانہ تین مقابلے کھیلے جائیں گے۔ پہلا مقابلہ 12 بجے دو پہر شروع ہوگا جبکہ دوسرے کا آغاز شام 4 بجے ہوگا۔ آخری مقابلہ رات 8 بجے کھیلا جائے گا۔ مرکزی مرحلے میں روزانہ 5 مقابلے ہوں گے جن میں سے تین پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جبکہ دو ڈائمنڈ گراؤنڈ ، اسلام آباد میں ہوں گے۔

اِس موقع پر اُمید کا اظہار بھی کیا گیا کہ تماشائی نہ صرف میدانوں کا رُخ کریں گے بلکہ اِس ایونٹ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اسے بھرپور انداز میں کامیاب بھی کروائیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی کپ کا سیمی فائنل پیر 14 ستمبر اور فائنل منگل 15 ستمبر یعنی کو کھیلا جائے گا۔