آئی سی سی نے سچن ٹنڈولکر اور شین وارن کو ’’ہاں‘‘ کردی

0 1,092

ابھی شائقین کرکٹ اگلے برس متحدہ عرب امارات میں ماسٹرز کرکٹ لیگ کا انتظار ہی کررہے تھے کہ اُن کے لیے ماضی کے لیجنڈ کھلاڑیوں کو اِسی سال کھیلتے دیکھنے کا موقع میسر آنے والا ہے کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر اور جادوئی اسپنر شین وارن کے تجویز کردہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کی اجازت دے دی ہے۔

تین میچوں کی سیزیز رواں برس نومبر میں امریکا میں کھیلی جائے گی جس کے لئے اب تقریباً تمام ہی معاملات طے پاگئے ہیں۔

سیریز کے لیے سچن ٹنڈولکر اور شین وارن کے ساتھ ساتھ 26 دیگر سابق کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے بشمول وسیم اکرم، جیکس کیلس، ایڈم گلکرسٹ، راحل ڈریوڈ، گلین میکگرا، برائن لارا، سارو گنگولی اور وی وی ایس لکشمن۔

اِن بڑے ناموں کو شامل کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ لوگ اِن کھلاڑیوں کو میدان میں کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں اور اِن کی موجودگی سے امریکا میں شائقین کرکٹ بڑی تعداد میں میدان کا رُخ کریں گے۔

ٹی ٹوئنٹی میچز امریکا میں موجود بیس بال کے میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ رینگلے فیلڈ کے میدان پر ہوگا جو شکاگو میں موجود ہے، دوسرا میچ ینکی اسٹیڈیم پر کھیلا جائے گا جو نیویارک میں موجود ہے اور تیسرا میچ ڈوڈگر اسٹیڈیم میں ہوگا جو لاس اینجلس میں واقع ہے۔

خبروں کے مطابق آئی سی سی کا اجازت نامہ صرف اِس لیے لیا گیا ہے تاکہ سابق کھلاڑیوں کو سیریز کے لیے راضی کرنے میں آسانی ہوسکے کیونکہ اِس سیریز کے سارے اخراجات کی ذمہ داری پروموٹرز پر یعنی ٹنڈولکر اور شین وارن پر ہوگی اور اِس سے ہونے والی آمدنی کو آئی سی سی کے حوالے کیا جائے گا تاکہ امریکا میں کھیل کے فروغ کے لیے اِن پیسوں کو استعمال کیا جاسکے۔

ابتداء میں یہ تجویز پیش کی گئی تھی کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کو کینیڈا، سنگاپور، ہانگ کانگ یا پھر متحدہ عرب امارات میں ہر کچھ خاص وقفے سے منتعد کی جائے مگر اُس تجویز کو مسترد کیا گیا ہے اور یہی کہا گیا ہے کہ پہلے ایک ہی دفعہ منتعد کی جائے اور مستقبل کے حوالے سے بعد میں بات کی جائے گی۔