"کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں"، شین وارن

0 1,021

عظیم آسٹریلوی اسپنر شین وارن نے ریٹائرمنٹ کو ترک کر کے کرکٹ کے میدانوں پر لوٹنے سے متعلق خبروں کی نفی کر دی ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹز کے مطابق یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ شین وارن ریٹائرمنٹ سے واپس آ کر بِگ بَیش لیگ میں ایک بار پھر کھیل کے جلوے دکھائیں گے۔
نیٹ کی دنیائے کرکٹ میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ شین وارن، مائکل کلارک کی جگہ پر میلبورن اسٹارز کی قیادت سنبھالیں گے۔
لیکن لیگ اسپنر شین وارن نے ان خبروں کی اپنے ٹوئٹر کھاتے پر یہ پیغام لکھ کر نفی کر دی ہے کہ، "اگرچہ مجھے اس بات پر خوشی ہوئی کہ لوگوں کو میرے کھیل کی یاد ستاتی ہے اور وہ مجھے دوبارہ کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں، لیکن میرا ریٹائرمنٹ کو ترک کرنے اور میلبورن اسٹارز کی قیادت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔"
شین وارن کے اس ٹوئٹر پیغام سے شین وارن کے وہ شائقین ضرور مایوس ہوئے ہوں گے جو ان قیاس آرائیوں اور افواہوں کے بعد اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو دوبارہ کرکٹ کے میدانوں پر کھیلتے دیکھنے کے لیے پُرامید ہو گئے تھے۔
ان قیاس آرائیاں کا آغاز اُس وقت ہوا تھا جب شین وارن نے اپنے ایک ٹوئٹ پیغام میں لکھا تھا کہ "مجھے امید کہ اس ہفتے آپ کو کرکٹ سے متعلق ایک دلچسپ خبر دوں گا۔" البتہ، یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس ٹوئٹ میں اُس آل سٹار ٹی ٹوئنٹی سیریز کی جانب اشارہ تھا جو شین وارن سابق بھارتی بلے باز سچن تندولکر کے ساتھ مل کر شروع کرنے جا رہے ہیں۔
یاد دلاتے چلیں کہ بگ بیش لیگ کے 2013 کے سیزن کے بعد سے شین وارن کرکٹ کی تمام انواع سے کنارہ کَش ہو چکے ہیں۔