جگ موہن ڈالمیا چل بسے

0 1,067

بھارتی کرکٹ بورڈ کے مختصر علالت کے بعد چل بسے۔ 75 سالہ ڈالمیا چند روز قبل دل کا دورہ پڑنے کے بعد کلکتہ کے ایک ہسپتال میں داخل ہوئے تھے اور اتوار کی شب جانبر نہ ہوسکے۔

1980ء کی دہائی سے کرکٹ کے لیے خدمات انجام دینے والے جگموہن نہ صرف دو مرتبہ بھارتی کرکٹ کے سربراہ رہے بلکہ بین الاقوامی کرکٹ بورڈ کے صدر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ بھارت کو عالمی کرکٹ میں مضبوط ترین طاقت بنانے میں ڈالمیا کے کردار کو وسیع پیمانے پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

تعمیرات کے شعبے کی معروف کاروباری شخصیت کی حیثیت سے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد انہوں نے 1979ء میں بھارتی کرکٹ بورڈ میں شمولیت اختیار کی۔ 1987ء میں پہلی بار عالمی کپ کے بھارت و پاکستان میں انعقاد کے لیے کی گئی کوششوں میں ڈالمیا کا حصہ بھی شامل تھا۔

1996ء میں برصغیر میں دوسری بار عالمی کپ کے کامیاب انعقاد کے بعد ڈالمیا کو 1997ء میں آئی سی سی کا صدر بنایا گیا۔ اس عہدے پر تین سال فائز رہنے کے بعد وہ پہلی بار 2001ء میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ بنے۔ البتہ یہ عہدہ ان کے لیے پھولوں کی سیج ثابت نہیں ہوا۔ طاقتور ترین عہدے پر فائز رہنے کے بعد انہیں سخت ترین مخالفت کا سامنا کرنا پڑا یہاں تک کہ بدعنوانی کے الزامات بھی سہنا پڑے اور مقدمات میں بھی گھسیٹے گئے۔

بھارتی پریمیئر لیگ میں بدعنوانی کے الزامات پر جب این شری نواسن کو عہدے سے ہٹایا گیا تو ان بدترین حالات میں ایک مرتبہ پھر ڈالمیا کو اتفاق رائے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کا صدر بنایا گیا۔ وہ رواں سال مارچ میں اس عہدے پر فائز ہوئے لیکن صحت کے حوالے سے مسائل سے دوچار رہے۔ یہاں تک کہ صرف 6 ماہ بعد جہان فانی سے کوچ کرگئے۔

جگ موہن ڈالمیا کا جسد خاکی سوموار کو کلکتہ کے میدان ایڈن گارڈنز لایا جائے گا جہاں عوام انہیں خراج تحسین پیش کریں گے۔