بھارت کیخلاف 0-2 کی فتح نے جنوبی افریقی کھلاڑیوں کے وارے نیارے کردیے

1 1,027

جب بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہورہا تھا تو ہوم گراونڈ کے سبب بھارت کو فیورٹ قرار دیا جارہا تھا مگر جنوبی افریقہ نے تمام پیش گوئیوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے سیریز 0-2 سے جیت لی جبکہ تیسرا میچ بارش کے سبب منسوخ کردیا گیا۔

جنوبی افریقہ کی اِس شاندار کامیابی کے سبب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی حالیہ رینکنگ میں جنوبی افریقی کھلاڑیوں کی ترقی دیکھنے میں آئی جبکہ شکست کے بعد بھارت بلے بازوں کی تنزلی بھی دیکھنے میں آئی ہے اور سب سے خاص بات یہ کہ اب ویرات کوہلی ٹاپ پوزیشن کھو بیٹھے ہیں جن کی آسٹریلیا کے آرون فنچ نے لے لی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بالترتیب 68 اور 30 رنز بنانے والے جے پی ڈومینی پانچ درجے ترقی کے بعد سریش رائنا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 649 پوائنٹس کے ساتھ گیارہویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

ڈومینی کے علاوہ تین مزید جنوبی افریقی بلے بازوں نے ترقی حاصل کی ہیں جن میں ہاشم آملہ ایک درجے ترقی حاصل کرنے کے بعد اکیسویں نمبر ہیں، اے بی ڈویلئیرز 5 درجے ترقی کے بعد 34ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ فرحان بیحاردین سب سے زیادہ یعنی 15 درجے چھلانگ لگا کر 94ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

بلے بازوں کی رینکنگ میں اگرچہ ابتدائی دس کھلاڑیوں میں تو کوئی پاکستانی کھلاڑی نہیں مگر احمد شہزاد 625 پوائنٹس کے ساتھ 15ویں نمبر ہیں جبکہ 613 پوائنٹس کے ساتھ عمر اکمل 17ویں نمبر پر ہیں۔

اگر گیند بازوں کی بات کی جائے تو ابتدائی دونوں پوزیشنز پر ویسٹ انڈیز کے اسپنرز کا قبضہ ہے۔ پہلی پوزیشن پر 855 پوائنٹس کے ساتھ سنیل بدری موجود ہیں جبکہ 817 پوائنٹس کے ساتھ سنیل نارائن موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ کے اسپنر عمران طاہر گیند باز نے تین درجے ترقی کے بعد نویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے جبکہ بھارتی اسپنر روی چندرا اشوین اب بھی چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کے شاہد آفریدی 814 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

اِس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے میڈیم پیس گیند باز کائل ایبٹ نے 15 درجے ترقی کے بعد 29ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ جبکہ بھارتی گیند باز بھوونیشور کمار نے چار درجے ترقی پانے کے بعد 31ویں پوزیشن حاصل کی اور ہربھجن سنگھ نے دو درجے ترقی کے بعد 47ویں پوزیشن حاصل کی، ساتھ ہی ساتھ جنوبی افریقہ کے کیگیسو رباڈا نے 40 درجے ترقی پانے کے بعد 68ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

آل راونڈرز کی رینکنگ میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اب بھی پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے آل راونڈر 78 پوائنٹس کے مارجن کے ساتھ دوسرے نمبر ہیں۔