دورۂ ویسٹ انڈیز: بھارتی کرکٹ بورڈ کا نوجوان دستے کی صلاحیتوں پر اظہار اعتماد

0 1,018

بھارت کے کرکٹ بورڈ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم دورۂ ویسٹ انڈیز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگی۔ چنئی میں ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کرش سری کانت نے کہا کہ ہم آئندہ دورے میں بہت اچھی کارکردگی پیش کریں گے، ہماری ٹیم بہترین ہے اور گزشتہ چند سالوں میں ہمارے پاس باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ انہی باصلاحیت و نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ بھارت ویسٹ انڈیز کو با آسانی زیر کر لے گا۔

"نوجوان کھلاڑی پر مشتمل بھارتی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرے گی " بھارتی کرکٹ بورڈ

واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایسے بیانات اس وقت سامنے آ رہے ہیں جب دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے جانے والے اسکواڈ میں کئی اہم کھلاڑیوں موجود نہیں۔ ان میں کپتان مہندر سنگھ دھونی، ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر اور عالمی کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے ظہیر خان کو آرام کی غرض سے جبکہ شعلہ فشاں اوپنر وریندر سہواگ کو کندھے کی انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ ان کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں قیادت گوتم گمبھیر کو سونپی گئی لیکن انہوں نے آج (جمعرات کو) اپنے کندھے کی تکلیف کا عذر تراشتے ہوئے آرام دینے کی درخواست کی ہے۔

ان اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودہ میں ہربھجن سنگھ اور یووراج سنگھ ہی کو سینئر کھلاڑی کہا جاسکتا ہے باقی تقریبا تمام کھلاڑی نئے ہیں یا بین الاقوامی کرکٹ کا کم تجربہ رکھتے ہیں۔ قوی امکان ہے کہ بھارت کے مستند کھلاڑیوں کی آئندہ دورے میں عدم دلچسپی کے باعث بھارت کو ویسٹ انڈیز کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے حال ہی میں پاکستان سے ٹیسٹ اور ایک روزہ مقابلوں میں سخت مقابلہ کیا اور واحد ٹی ٹونٹی میچ میں بھی گرین شرٹس کو مات دی۔ علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کرس گیل، شیونرائن چندرپال، کیون پولارڈ اور ڈیوین براوو کی واپسی سے مزید تقویت حاصل کرنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔