انگلستان کی نظریں عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن پر

0 1,031

انگلستان کے پاس ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں ایک مرتبہ بھر دوسری پوزیشن حاصل کرنے کا موقع آ گیا ہے۔

کارڈف میں سری لنکا کے خلاف آج (جمعرات کو) شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں اگر انگلستان کلین سویپ کرتا ہے تو وہ جنوبی افریقہ کو پچھاڑ کو دوسری پوزیشن پر قبضہ جما سکتا ہے۔ بہرحال، سری لنکا کے خلاف کلین سویپ کرنا ایک بہت مشکل ہدف ہوگا۔

انگلستان آج تک صرف تین ماہ ہی دوسری پوزیشن پر قابض رہا ہے اور اس وقت وہ 117 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے جبکہ سری لنکا 109 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

اگر انگلستان 2-0 سے سیریز اپنے نام کرتا ہے تو اس کے پوائنٹس جنوبی افریقہ کے برابر ہو جائیں گے تاہم وہ معمولی فرق کے باعث دوسری پوزیشن حاصل نہیں کر پائے گا لیکن دونوں صورتوں میں سری لنکا کو پانچویں پوزیشن پر جانا پڑے گا۔
اگر سری لنکا کے تناظر میں دیکھا جائے تو اس کے لیے انگلستان کو پیچھے چھوڑنے کے لیے محض سیریز جیتنا کافی ہوگا۔ چاہے وہ سیریز 2-1 سے جیتے یا 1-0 دونوں صورتوں میں وہ انگلستان کی جگہ تیسری پوزیشن سنبھالے گا۔ اگر سری لنکا کلین سویپ کرتا ہے تو انگلستان پانچویں پوزیشن پر جا گرےگا۔

دوسری جانب کھلاڑیوں کی عالمی درجہ بندی میں سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کے پاس موقع ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر نمبر ایک پوزیشن پر پہنچ جائیں۔ اس وقت یہ پوزیشن مشترکہ طور پر بھارت کے سچن ٹنڈولکر اورجنوبی افریقہ کے ژاک کیلس کے پاس ہے۔

سنگاکارا نے پہلی بار 2007ء میں سرفہرست پوزیشن حاصل کی تھی اور اب دونوں سرفہرست بلے بازوں سے محض ایک ریٹنگ پوائنٹ پیچھے ہیں اور کارڈف میں پہلے ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی انہیں باآسانی اس پوزیشن پہنچا دے گی جو وہ سال کے اوائل میں کھو چکے تھے۔

کمار سنگاکارا کے علاوہ وہ بیٹسمین جو اس وقت سرفہرست 10 بلے بازوں میں موجود ہیں ان میں انگلستان کے جوناتھن ٹراٹ چوتھی، ایلسٹر کک پانچویں اور سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے ساتویں اور تھیلان سماراویرا 10 ویں نمبر پر ہیں۔

ٹیسٹ باؤلرز میں سرفہرست 10 میں انگلستان کے تین گیند باز شامل ہیں جن میں اسپنر گریم سوان دوسری، جیمز اینڈرسن تیسری اور اسٹورٹ براڈ تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ سری لنکا کے سرفہرست باؤلر اجنتھا مینڈس 16 ویں نمبر پر ہیں۔

انگلستان سری لنکا سیریز کا ٹیسٹ مرحلہ مندرجہ ذیل تواریخ پر کھیلا جائے گا:

پہلا ٹیسٹ: 26 تا 30 مئی، کارڈف

دوسرا ٹیسٹ: 3 تا 7 جون، لارڈز

تیسرا ٹیسٹ: 16 تا 20 جون، ساؤتھمپٹن