"پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت سے انکار کرسکتی ہے"

3 1,023

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ جو کچھ بھارت میں گزشتہ روز انتہاپسندوں کی جانب سے کیا گیا ہے، اُسے دیکھتے ہوئے یہ خدشات بڑھ گئے ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اگلے برس اپریل میں طے شدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت سے انکار کردیں۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظہیر عباس کا کہنا تھا پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان اہم ملاقات سے قبل شیو سینا کاحملہ انتہائی افسوسناک اور کرکٹ کے لیے خطرناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے حکام کو نہ صرف ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے بلکہ جو اختلافات ہیں اُن کو بھی فوری طور پر ختم کرنے چاہیے تاکہ حالات بہتر ہوسکیں، اگر ایسا نہیں ہوا تو مجھے ذاتی طور پر یہ خوف لاحق ہے کہ پاکستان کے کھلاڑی اِن حالات میں بھارت میں کھیلنے سے انکار کردیں گے۔

ظہیر عباس نے مزید کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنتی کا انعقاد اِن حالات میں ہو، اگر حالات ایسے ہی رہے تو بڑے ایونٹ کی دلچسپی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

پاکستان کے سابق کپتان اور ایشین بریڈ مین ظہیر عباس نے کہا کہ وہ اب بھی پُراُمید ہیں بھارت دسمبر میں طے شدہ سیریز کھیلنے کے لیے رضامندی کا اظہار کردے گا۔ سیریز کے انعقاد سے یقینی طور پر برف پگھلے گی اور دونوں ممالک کے معاملات میں بہتری آئے گی۔ اپنی بات کو مزید بڑھاتے ہوئے ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ صرف دونوں ممالک کے لوگ نہیں بلکہ پوری دنیا دونوں ممالک کو کھیلتے دیکھنا چاہتی ہے۔ میری یہ خواہش ہے کہ سیاست کو ایک طرف رکھ کر کھیل پر توجہ دی جائے، پاکستان کب کہہ رہا ہے کہ سیریز کا انعقاد پاکستان میں کیا جائے، لیکن نیوٹرل مقام میں تو سیریز کھیلی جاسکتی ہے نا۔