کرکٹ کو دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے اہم مطالبہ

0 1,050

تاریخ کے دو عظیم ترین کھلاڑیوں نے کرکٹ کو دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے اسے اولمپکس کا حصہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

عظیم بلے باز سچن تنڈولکر اور اتنے ہی عظیم گیندباز شین وارن کا یہ مطالبہ ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا ایک وفد اگلے ماہ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے وفد سے ملاقات کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جا سکے اور اگر ایسا ممکن ہے تو اس کے لیے کیا کرنے کی ضرورت ہوگی۔

1900ء کے بعد سے اب تک کرکٹ اولمپکس کا حصہ نہیں رہا کیونکہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کو خطرات لاحق ہیں کہ اگر کرکٹ عالمی کھیلوں کا حصہ بن گیا تو عالمی کپ اور دیگر اہم ٹورنامنٹس کی اہمیت میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔

شین وارن کا کہنا ہے کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ کرکٹ اولمپکس کا باقاعدہ حصہ بن جائے اور اس سمت میں ہونے والی کوششوں کے بعد ہوسکتا ہے یہ ممکن بھی ہوجائے۔ سچن کہتے ہیں کہ اولمپکس کے لیے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ بہترین ہے جو نہ صرف ایونٹ منتظمین کے لیے قابل قبول ہوگا بلکہ لوگوں کو بھی محض تین گھنٹے کا مقابلہ دیکھنے میں کوئی کوفت نہیں ہوگی۔ اتنا وقت تو اولمپک کے دیگر کھیل بھی لیتے ہیں۔ تنڈولکر نے مزید کہا کہ اولمپکس میں شمولیت سے کرکٹ کے عالمی فروغ میں مدد ملے گی۔

دونوں عظیم کھلاڑی اگلے ماہ امریکا میں سابق کھلاڑیوں پر مشتمل ایک ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلیں گے، جس کے لیے آئی سی سی منظوری بھی دے چکی ہے۔ اس سیریز کا مقصد امریکا میں کرکٹ کو فروغ دینا ہے۔

یاد رہے کہ کرکٹ قوانین کے رکھوالے میری لبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے جولائی میں زور دیا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو اولمپکس کا حصہ بنانا چاہیے۔