”پاکستان ہوشیارباش“، عمران خان زخمی ہوگئے

0 1,055

پاکستان کو انگلستان کے خلاف شارجہ میں تیسرے اور اہم ترین معرکے کا سامنا ہے اور اس سے قبل ہی اسے ایک دھچکا پہنچ چکا ہے۔ تیز گیندباز عمران خان زخمی ہوکر اہم مقابلے سے باہر ہوگئے ہیں۔ یوں پاکستان اپنے دستے کے اس خوش قسمت رکن سے محروم ہوگیا ہے جو ہمیشہ پاکستان کی 'کامیابی کی ضمانت' ہوتا ہے۔ عمران خان نے اب تک 7 ٹیسٹ مقابلے کھیلے ہیں اور ان میں سے ایک بھی ایسا نہیں ہے جس میں پاکستان نے شکست کا منہ دیکھا ہو۔

جمعہ کو فیلڈنگ سیشن کے دوران عمران خان اپنا دایا ہاتھ زخمی کر بیٹھے تھے، جب وہ ایک کیچ پکڑنے کی کوشش کررہے تھے۔ ہسپتال میں ان کے ہاتھ پر چند ٹانکے آئے ہیں جس کی وجہ سے وہ آئندہ 10 دن نہیں کھیل پائیں گے۔

اب ممکنہ طور پر راحت علی ان کی جگہ شارجہ میں کھیلتے نظر آئیں گے، جنہوں نے ابوظہبی میں ہونے والے پہلے مقابلے میں بھی شرکت کی تھی۔

عمران خان نے دبئی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں چار وکٹیں حاصل کیں تھیں اور نازک مواقع پر انگلستان کے اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے پاکستان کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا تھا۔

ویسے ہوسکتا ہے کہ پاکستان بلال آصف کو کھلائے، جن کے باؤلنگ ایکشن کو گزشتہ روز بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے شفاف قرار دیا ہے۔ اس کی وجہ شارجہ میں ممکنہ طور پر ایک اسپن مددگار پچ ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان کل سے شروع ہونے والے تیسرے و اہم ترین مقابلے کے لیے تین اسپنرز پر مشتمل باؤلنگ اٹیک کھلاتا ہے یا وہاب ریاض کا ساتھ دینے کے لیے راحت علی کو میدان میں اتارتا ہے۔