ٹنڈولکر، سہواگ اور گمبھیر پورے دورۂ ویسٹ انڈیز سے باہر

0 1,034

بھارت نے دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے ایک روزہ اور ٹیسٹ کے حتمی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق ایک روزہ مرحلے میں سچن ٹنڈولکر، مہندر سنگھ دھونی، یووراج سنگھ، ظہیر خان، گوتم گمبھیر اور اشیش نہرا شامل نہیں ہوں گے جبکہ ٹیسٹ مرحلے میں بھی بھارت سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر کی خدمات سے محروم رہے گا۔

ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر نے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کی درخواست کی تھی جس کے باعث انہیں دستے میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر کندھے کی انجریز کے باعث غیر حاضر ہوں گے۔ عالمی کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے یووراج سنگھ نظام تنفس میں انفیکشن کے باعث دورے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

ابھینو منکڈ کو رانجی ٹرافی میں اعلی کارکردگی کے باعث ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے

بھارتی ٹیسٹ دستے میں شامل کیے گئے نئے کھلاڑیوں میں اہم ترین نام ابھینو منکڈ کا ہے۔ بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے 21 سالہ ابھینو مکنڈ نے فرسٹ کلاس میں 40 سے زائد میچز میں 60 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں جن میں ایک ٹرپل سنچری سمیت 13 سنچریاں بھی شامل ہیں ۔ وہ گوتم گمبھیر اور وریندر سہواگ کی عدم موجودگی میں اوپنر کے طور پر ٹیم میں شامل کیے جانے والے مرلی وجے کے ساتھ بلے بازی کا آغاز کریں گے۔ مڈل آرڈر میں تجربہ کار راہول ڈریوڈ اور وی وی ایس لکشمن شامل ہوں گے۔

باؤلرز میں تجربہ کار ہربھجن سنگھ کے ساتھ پراگیان اوجھا اسپنر کے طور پر شامل ہوں گے جبکہ ظہیر خان، مناف پٹیل، سری سانتھ اور ایشانت شرما تیز گیند بازی کریں گے۔ پارتھیو پٹیل ٹیسٹ دستے میں مہندر سنگھ دھونی کے بیک اپ کے طور پر شامل ہیں اور ممکن ہے کہ انہیں کسی میچ میں بطور بلے باز شامل کیا جائے۔

دوسری جانب ایک روزہ ٹیم کا جائزہ لیا جائے تو وہاں گوتم گمبھیر کے زخمی ہونے کے معاملے کے بعد اب ایک روزہ مرحلے کی قیادت سریش رائنا کو سونپ دی گئی ہے کیونکہ کپتان مہندر سنگھ دھونی آرام کی غرض سے ایک روزہ مرحلے میں نہیں کھیلیں گے۔جبکہ اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں منوج تیواری اور شیکھر دھاون کوموقع دیا گیا ہے۔ جبکہ بدری ناتھ کوایک مرتبہ پھر ٹیسٹ میں بلایا گیا ہے تاہم ٹیسٹ دستے میں سب سے اہم شمولیت ویرات کوہلی اور ابھینو منکڈ کی ہے۔

اس اعلان کے بعد یہ واضح ہو چکا ہے کہ بھارت دورۂ ویسٹ انڈیز میں ٹنڈولکر، گمبھیر، سہواگ اور یووراج کی خدمات سے محروم رہے گا۔

مختصر و طویل طرز کی کرکٹ میں بھارت کا دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

ٹیسٹ دستہ: مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، وی وی ایس لکشمن (نائب کپتان)، ابھینو منکڈ، امیت مشرا، ایس بدری ناتھ، ایشانت شرما، پارتھیو پٹیل، پراگیان اوجھا، راہول ڈریوڈ، سری سانتھ، سریش رائنا، ظہیر خان، مرلی وجے، مناف پٹیل، ویرات کوہلی اور ہربھجن سنگھ۔

ایک روزہ/ٹی ٹوئنٹی دستہ: سریش رائنا (کپتان)، ہربھجن سنگھ (نائب کپتان)، امیت مشرا، ایس بدری ناتھ، ایشانت شرما، پارتھیو پٹیل، پروین کمار، روہیت شرما، روی چندر آشون، شیکھر دھاون، مناف پٹیل، منوج تیواری، وریدھمن ساہا، ونے کمار، ویرات کوہلی اور یوسف پٹھان۔

بھارت کے دورۂ ویسٹ انڈیز کا باضابطہ آغاز 4 جون کو پورٹ آف اسپین، ٹرینیڈاڈ میں واحد ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہوگا جس کےبعد دونوں ٹیمیں 5 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں آمنے سامنے ہوں گی۔ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 20 جون سے شروع ہوگا۔