”کھمبا بچا کے“، فن زخمی

0 1,008

طویل قامت اعتماد دیتی ہے لیکن حد سے زیادہ بلند قد کئی مشکلات سے دوچار کرسکتا ہے۔ کرکٹ میں زیادہ لمبے گیندباز اپنے قد کا فائدہ اٹھا کر کامیابیاں تو حاصل کرتے ہیں لیکن انہیں فٹ رہنے کے لیے بہت محنت بھی کرنا پڑتی ہے۔ انگلستان کے اسٹیون فن بھی ایسے ہی گیندبازوں میں سے ہیں، بہترین کھیلتے ہیں لیکن زخمی بھی بہت ہوتے ہیں۔ پیر میں تکلیف کی وجہ سے پاک-انگلستان سیریز سے باہر ہیں لیکن اب ایک نئی مصیبت میں گرفتار ہوگئے ہیں۔

ساڑھے چھ فٹ قد کے حامل اسٹیون فن اپنے موبائل فون پر نظریں جمائے راستے سے جا رہے تھے کہ ایک اشارے یعنی سائن بورڈ سے ان کا سر ٹکرا گیا۔ جس سے اچھے خاصے زخمی ہوگئے یہاں تک کہ سر سے خون بھی نکل آیا۔ 26 سالہ گیندباز نے اس واقعے کی "باضابطہ" اطلاع انسٹاگرام پر اپنے پرستاروں کو دی۔

26 ٹیسٹ مقابلوں میں 102 وکٹیں لینے والے فن کی پوری کوشش ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل فٹ ہوجائیں۔ جو رواں سال کے آخر میں شروع ہوگی۔