"ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت یقینی نہیں"

2 1,032

ایک طویل عرصے تک پاکستان صرف اِس کوشش میں تھا کہ بھارت کو دسمبر میں طے شدہ سیریز کھیلنے کے لیے راضی کرلے مگر بدقسمتی سے یہ ممکن نہیں ہوسکا، اور بھارتی کی جانب سے مسلسل یہ بہانہ بنایا گیا ہے کہ جب تک بھارتی حکومت اجازت نہیں دے گی تب تک سیریز کا حتمی فیصلہ ممکن نہیں ہوسکے گا۔ بس بھارتی بورڈ کا اپنی حکومت کے کاندھے پر رکھ کر بندوق چلانا شاید پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین شہریار خان کو بھی پسند آگیا اور اُن کا اپنے حالیہ بیان میں کہنا ہے کہ اگر بھارتی حکومت سیریز کھیلنے کے لیے اجازت نہیں دیتی تو اُنہیں ایسا لگتا ہے کہ شاید پاکستانی حکومت بھی اپنی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے روک سکتی ہے، اور اگر ایسا ہوگیا تو پھر شرکت کا کوئی امکان باقی نہیں رہے گا۔

میڈیا سے گفتگو میں شہریار خان کا کہنا تھا کہ درحقیقت بال تو اب بھارتی بورڈ اور حکومت کے کورٹ میں ہے۔ ہم نے اپنی ذمہ داری سے زیادہ کوشش کی ہے کہ کسی طرح بھارتی بورڈ کو سیریز کھیلنے کے لیے راضی کرلیا جائے۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے بھارتی بورڈ پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان اُس معاہدے کے تحت کرکٹ کھیلنے کا متمنی ہے جس پر بھارتی حکومت کےبھی دستخط ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی بورڈ نے پاکستان کو آگاہ کیا ہے کہ سیریز کی اجازت کے لیے حکومت سے رابطہ کیا جاچکا ہے مگر بہار میں جاری انتخابات کے سبب کوئی حتمی فیصلہ اب تک سامنے نہیں آسکا ہے۔ لیکن اُمید ہے کہ ایک دو دن میں کوئی نہ کوئی فیصلہ ضرور سامنے آجائے گا۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ دونوں مملک کی اکثریتی عوام پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کے مدمقابل کھیلتے دیکھنے کی بھرپور خواہش رکھتی ہے۔ اِسی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے اپنے حصے سے بڑھ کر کام کیا ہے، اب بھارتی بورڈ کے صدر ششانک منوہر کی ذمہ داری ہے کہ سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان سے رابطہ کریں۔

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے شہریار خان نے واضح کیا کہ اگر بھارتی حکومت سیریز کھیلنے کی اجازت نہیں دیتی تو اُنہیں نہیں لگتا پاکستانی حکومت اگلے برس اپریل میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے گی۔

"اگر بھارتی حکومت اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان کے خلاف کھیلنے سے روکتی ہے، تو پھر میرا نہیں خیال کہ ہماری حکومت ہمیں بھارت جاکر کھیلنے کی اجازت دے سکتی ہے۔"

اب دیکھنا یہ ہے کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے، اور اِس کے لیے زیادہ نہیں بس ایک دو دن انتظار کرنا ہی ہوگا کہ بھارتی بورڈ اپنی حکومت سے تفصیلی مشاورت کے بعد یہ اعلان کردے گی کہ وہ پاکستان کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہے یا نہیں ۔