دھونی آئی پی ایل ٹیم خریدنے کے لیے کوشاں

0 1,020

مہندر سنگھ دھونی کی دو پہچان تھیں، ایک بھارت کی قیادت اور دوسرا انڈین پریمیئر لیگ میں چنئی سپر کنگز کی کپتانی۔ گزشتہ 8 سالوں سے وہ 'سی ایس کے' کے کپتان تھے لیکن اب ٹیم اسپاٹ فکسنگ معاملے میں دو سال کی معطلی بھگت رہی ہے اور یوں دھونی کا آئی پی ایل مستقبل مخدوش ہوگیا ہے۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ دھونی بالکل مطمئن ہیں، جیسا کہ وہ کیپٹن کول کے طور پر مشہور بھی ہیں، کیونکہ ذرائع کہتے ہیں کہ وہ اپنی آئی پی ایل ٹیم خریدنے کے خواہشمند ہیں۔

چنئی اور راجستھان رائلز کے معطل ہونے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل 2016ء میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے لیے 15 نومبر سے عمل کا باضابطہ آغاز ہوگا اور 8 دسمبر کو حتمی بولی لگائی جائے گی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے مقرر کی گئی کم از کم قیمت 40 کروڑ بھارتی روپے ہے اور کہا جا رہا ہے کہ دھونی بورڈ کو آگاہ کر چکے ہیں کہ ان کے پاس کامیاب بولی لگانے کے لیے کافی سرمایہ کار موجود ہیں۔ ویسے وہ خود بھی بھارت کے امیر ترین کھلاڑی ہیں، اس لیے اگر دھونی سنجیدہ ہیں تو ان کے لیے چنداں مشکل نہیں ہوگا۔

بورڈ نے دو نئی ٹیموں کے انتخاب کے لیے جن شہروں کے نام دیے ہیں، ان میں ماضی میں کھیلنے والے پونے اور کوچی کے علاوہ احمد آباد، اندور، رانچی، رائے پور اور کانپور شامل ہیں۔اگر دھونی کامیاب ہوگئے تو ممکنہ طور پر وہ رانچی کا انتخاب کریں گے جو ان کا آبائی شہر ہے۔