فکسنگ کا الزام، رمیز راجا کی مائیکل وان پر کڑی تنقید

1 1,112

انگلستان کی نفسیاتی عجیب ہے، جب وہ ہارتے ہیں تو دوسروں کی صلاحیتوں میں کیڑے نکالتے ہیں اور جب جیتنے لگتے ہیں، تب شاید انہیں خود بھی یقین نہیں آتا۔ ماضی میں پاکستان کے گیندبازوں پر بال ٹمپرنگ کے الزامات لگائے کیونکہ ان کے بلے باز گیندوں کو کھیل نہیں پاتے تھے اور اب جبکہ پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے تو پاکستان کی ناکامی کو دیکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ کہیں مقابلہ فکس تو نہیں؟ یہ انوکھی بات کہی ہے سابق کپتان مائیکل وان نے۔ جنہوں نے پاک-انگلستان تیسرے ایک روزہ کے دوران سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ "3 رن آؤٹ اور چند مشکوک شاٹس، اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔" اور پھرکچھ ہی دیر بعد ایک اور ٹوئٹ کیا کہ "یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم بے وقوف ہیں۔" ان دونوں ٹوئٹس سے صاف اندازہ ہوگیا کہ وان کا اشارہ کس طرف ہے۔ وہ دراصل پاکستان کو فکسنگ میں ملوث قرار دے رہے تھے۔

michael-vaughan-tweets

2010ء میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے کھلنے کے بعد سے اب تک کسی نے اس طرح کھلا الزام پاکستان پر عائد نہیں کیا اور شاید اس غلطی کا اندازہ وان کو بھی ہوگیا جنہوں نے کچھ ہی دیر بعد ٹوئٹس حذف کردیے۔ لیکن تب تک یہ بات پھیل چکی تھی اور اس پر سخت ردعمل بھی دیکھنے کو ملا۔ پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجا نے مائیکل وان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

معروف تبصرہ کار نے کہا کہ "وان دراصل سوشل میڈیا پر خبروں میں 'اِن' رہنا چاہتے ہیں۔ ان کے تبصرے انتہائی غیر ذمہ دارانہ تھے۔" انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی رننگ ہمیشہ بری رہی ہے اور ہم سب کو معلوم ہے کہ محمد حفیظ خاص طور پر اس معاملے میں کمزور ہیں۔ دباؤ کی صورت حال ہو تو ایسا کھیلنا کوئی نئی بات نہیں۔

واضح رہے کہ پاک-انگلستان تیسرے ایک روزہ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا اور صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز تک پہنچ گیا تھا۔ لیکن اس کے بعد 208 رنز تک پہنچتے پہنچتے پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی تھی، جس میں تین بلے باز رن آؤٹ بھی ہوئے۔ بعد ازاں انگلستان نے باآسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور اب سیریز میں ناقابل شکست برتری رکھتا ہے۔