پاکستان سمیت 7 ملکوں کو 1.25 ملین ڈالرز کی ادائیگی جلد متوقع
بین الاقوامی کرکٹ کونسل آئندہ آٹھ سالوں میں اتنے سات مکمل رکن ملکوں کو فی کس 10 ملین ڈالرز ادا کرے گا اور اس سلسلے کی پہلی قسط جنوری کے اوائل میں ادا کی گئی جائے گی جو فی ملک 1.25 ملین ڈالرز ہوگی۔
بگ تھری ترامیم کے نتیجے میں ٹیسٹ کرکٹ فنڈ کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت بھارت، انگلستان اور آسٹریلیا کے علاوہ ٹیسٹ کھیلنے والے باقی ساتوں ممالک کو جنوری 2016ء سے سالانہ بنیادوں پر ادائیگی کی جائے گی۔ ہر رکن اگلے آٹھ سالوں کے عرصے میں 10 ملین ڈالرز کا حقدار ہوگا۔ اس کے تحت جنوری میں 6 لاکھ ڈالرز کی پہلی قسط 7 ملکوں میں بانٹی جائے گی اور پھر جولائی میں 'چھوٹے سات ممالک' کو مزید ساڑھے 6 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔ ادائیگی کا یہ سلسلہ وعدے کے مطابق 2023ء تک جاری رہے گا۔
اس فنڈ کا مقصد دراصل ٹیسٹ کرکٹ کو فروغ دینا ہے کیونکہ بگ تھری کے علاوہ دیگر ممالک محض چند ہی باہمی ٹیسٹ سیریز سے کما پاتے ہیں۔ اس لیے ان کے ٹیسٹ کرکٹ شیڈول کو بہتر بنانے اور جاری رکھنے کے لیے یہ خصوصی فنڈز دیے جائیں گے۔ اس کے ذریعے مختلف ممالک بین الاقوامی دورے میں پانے والے خسارے، بلکہ ہوم سیریز بھی منافع بخش نہ ہونے، کی کچھ تلافی کرسکیں گے۔