شاہد آفریدی بہترین آل راؤنڈرز میں دوسرے نمبر پر

0 1,042

انگلستان کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست کے بعد سب سے زیادہ مایوس نظر آنے والوں میں سے ایک چہرہ پاکستان کے کپتان شاہد خان آفریدی کا تھا۔ سیریز میں انہوں نے اچھی باؤلنگ کی، عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور فیلڈنگ بھی کمال دکھائی لیکن کسی ایک مقابلے میں بھی پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرسکے۔ لیکن اس دوران انہوں نے دو سنگ میل ضرور عبور کیے۔ ایک سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی وکٹیں لینے والے گیندباز بنے اور اسی طرز میں دنیا کے دوسرے بہترین آل راؤنڈر بھی قرار پائے۔

شاہد آفریدی نے سیریز میں 13 کے اوسط سے 5 وکٹیں حاصل کیں اور 176 سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے 53 رنز بھی بنائے۔ دو مقابلوں میں ان کی طوفانی مختصر اننگز پاکستان کو کامیابی کے بہت قریب لائیں لیکن حتمی وار نہ لگا سکیں۔ بہرحال، یہ کارکردگی انہیں ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی فہرست میں ایک درجہ ترقی دے کر دوسرے نمبر پر لے آئی ہے۔

شاہد آفریدی کیریئر کے 87 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 88 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور اپنے ہم وطن سعید اجمل کے ریکارڈ کو توڑتے ہوئے آگے نکل آئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں میں سرفہرست تمام گیندباز پاکستان ہی کے ہیں۔ شاہد آفریدی کے بعد سعید اجمل ہیں، جن کی وکٹیں 85 ہیں اور ان کے بعد عمر گل 83 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ چوتھے اور پانچویں نمبر پر عالمی چیمپئن سری لنکا کے لاستھ مالنگا اور اجنتھا مینڈس ہیں جن کی وکٹیں بالترتیب 74 اور 66 ہیں۔ یوں پانچوں پوزیشنوں پر ایشیا کا قبضہ ہے۔

آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن 362 پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔ شاہد آفریدی کے پوائنٹس کی تعداد 330 ہے جبکہ آسٹریلیا کے شین واٹسن تیسرے، پاکستان کے محمد حفیظ چوتھے اور ویسٹ انڈیز کے مارلون سیموئلز پانچویں نمبر پر ہیں۔

گیندبازوں کی درجہ بندی میں بھی شاہد آفریدی تین درجے پھلانگ کر چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے سیریز میں 77 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

35 سالہ شاہد آفریدی کی بین الاقوامی کرکٹ کے اب صرف چند مہینے باقی رہ گئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کر رکھا ہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء کے بعد وہ کرکٹ چھوڑ دیں گے۔ یہ اہم ٹورنامنٹ مارچ 2016ء میں بھارت میں کھیلا جائے گا جہاں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے گیندباز بنیں گے یا نہیں۔ اس سے قبل پاکستان نیوزی لینڈ کے دورے میں ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گا اور امکان ہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل ایشیا کپ بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے۔ یہ شاہد آفریدی کے لیے یہ سنگ میل حاصل کرنے کا اہم موقع ہوں گے۔