آشون کا انوکھا ریکارڈ

0 1,041

کسی ایک میچ میں اچھی کارکردگی دکھانا نسبتاً آسان ہے، گو کہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ملک کو جتوانا اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنا اتنا آسان نہیں ہے مگر اس سے کئی گنا مشکل یہ ہے کہ مسلسل کارکردگی دکھائی جائے اور پوری سیریز میں فتوحات سے ہمکنار کیا جائے اور 'مردِسیریز' یعنی مین آف دی سیریز بنا جائے۔

کرکٹ کی تاریخ میں جتنے بھی چوٹی کے کھلاڑی گزرے ہیں، ان کے ساتھ یہی معاملہ رہا ہے۔ ان کو بھی سیریز سے زیادہ صرف مقابلوں میں بہترین کھلاڑی کے اعزازات ملے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر ایسا ہوتا کیوں ہے؟ جواب یہ ہے کہ جب بھی کوئی کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھاتا ہے تو اس کے بارے میں یہی کہا جاتا ہے کہ آج اس کا دن ہے۔ اب ضروری نہیں کہ وہ دن روزانہ ہی ہو لیکن چند کھلاڑی ایسے ضرور ہیں جو بہت تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں جیسا کہ بھارت کے روی چندر آشون۔

جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں انہوں نے 4 مقابلوں میں صرف 11 کے اوسط کے ساتھ 31 کھلاڑیوں کا شکار کیا اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ سیریز کے دوران وہ ایک مقابلے میں مین آف دی میچ بھی بنے لیکن اپنے کیریئر میں وہ اس سے زیادہ مرتبہ سیریز کے بہترین کھلاڑی بن چکے ہیں۔ آشون ان کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں جن کے پاس میچ کے بجائے سیریز کے بہترین کھلاڑی کے اعزازات زیادہ ہیں۔ آئیے ان کھلاڑیوں کی فہرست آپ کو دکھاتے ہیں جو کیریئر کے کسی بھی لمحے میں یہ انوکھا کارنامہ انجام دے چکے ہیں:

andrew-strauss

میچ سے زیادہ مین آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے والے کھلاڑی

ملک عہد مقابلے مین آف دی میچ ایوارڈز مین آف دی سیریز ایوارڈز
روی چندر آشون بھارت 2011ء تا حال 32 4 5
اینڈریو اسٹراس انگلستان 2004ء تا 2012ء 100 2 5
ہیتھ اسٹریک زمبابوے 1993ء تا 2005ء 65 1 4
سعید اجمل پاکستان 2009ء تا 2014ء 35 2 3
جوئیل گارنر ویسٹ انڈیز 1977ء تا 1987ء 58 0 2
کیمار روچ ویسٹ انڈیز 2009ء تا حال 34 1 2
یاسر شاہ پاکستان 2014ء تا حال 12 0 2

پاکستان کے یاسر شاہ تاریخ کے دوسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے کبھی میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل نہیں کیا لیکن دو بار مین آف دی سیریز کے ایوارڈز ضرور جیتے ہیں۔ ان سے قبل یہ کارنامہ ویسٹ انڈیز کے جوئیل گارنر نے انجام دیا تھا۔

انگلستان کے اینڈریو اسٹراس اور زمبابوے کے ہیتھ اسٹریک کے دونوں اعزازات میں سب سے زیادہ فرق ہے۔ اسٹراس نے دو مرتبہ میچ اور پانچ مرتبہ سیریز کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈز جیتے جبکہ اسٹریک نے صرف ایک بار میچ اور چار مرتبہ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔

جنوبی افریقہ کے علاوہ دنیا کے تمام ہی ممالک کا کوئی نہ کوئی کھلاڑی ایسا ضرور ہے جس کے سیریز کے بہترین کھلاڑی کے اعزازات مین آف دی میچ ایوارڈز سے زیادہ ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سیریز کے بہترین کھلاڑی کے سب سے زیادہ اعزازات کرنے والے بھارتی کرکٹرز میں اب آشون سرفہرست ہیں۔ آشون سے پہلے سچن تنڈولکر اور وریندر سہواگ نے پانچ، پانچ مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ فرق "صرف" اتنا ہے کہ آشون نے صرف 32 میچز کھیلے ہیں جبکہ تنڈولکر اور سہواگ کے ٹیسٹ میچز کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ سہواگ نے 103 اور تنڈولکر نے ریکارڈ 200 ٹیسٹ مقابلے کھیلے۔ البتہ تاریخ میں سب سے زیادہ بار یہ ایوارڈز سری لنکا کے مرلی دھرن نے جیتے ہیں۔ انہوں نے 11 مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا۔ جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس نے 9 اور پاکستان کے عمران خان، رچرڈ ہیڈلی اور شین وارن نے 8، 8 مرتبہ مین آف دی سیریز ایوارڈز جیتے ہیں۔

بھارت کے لیے سب سے زیادہ مین آف دی سیریز ایوارڈز لینے والے کھلاڑی

ملک عہد مقابلے مین آف دی میچ ایوارڈز مین آف دی سیریز ایوارڈز
روی چندر آشون بھارت 2011ء تا حال 32 4 5
وریندر سہواگ بھارت 2001ء تا 2013ء 103 8 5
سچن تنڈولکر بھارت 1989ء تا 2013ء 200 14 5